’ایسا شخص جس کا دل اور جگر اپنی جگہ پر نہیں‘

جمال الدین بظاہر دیکھنے میں تو بالکل نارمل نظر آتا ہے لیکن اس کے میڈیکل ٹیسٹ کے دوران حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں ،فوٹو: خلیج ٹائمز

بھارت میں ایک شہری ایسا ہے جس کے جسم میں دل سمیت تمام اعضاء غلط جگہ پر ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کشن نگر کا رہائشی جمال الدین بظاہر دیکھنے میں تو بالکل نارمل نظر آتا ہے لیکن اس کے میڈیکل ٹیسٹ کے دوران حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔

 جمال الدین کو معدے میں درد کی شکایت پر مقامی اسپتال لایا گیا تو اس  کے ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ رپورٹ دیکھ کر ڈاکٹر ششدر رہ گئے کیونکہ اس کا دل خلاف معمول بائیں کے بجائے دائیں جانب تھا جب کہ اس کا جگر اور پتہ جو کہ دائیں طرف ہونے چاہئیں وہ بائیں طرف تھے۔

جمال الدین کا علاج کرنے والے لیپرو اسکوپک سرجن ڈاکٹر ششی کانت کا کہنا ہے کہ جمال الدین کے پتے میں پتھری پائی گئی تھی جو کہ عام طور پر ایک عام سے آپریشن سے نکل جاتی ہے۔

لیکن پِتہ بائیں جانب ہونے کے باعث یہ آپریشن انتہائی مشکل تھا، اس آپریشن کیلئے ہمیں سہہ رخی لیپرو اسکوپک مشین کا استعمال کرنا پڑا۔

کامیاب آپریشن کے بعد اب جمال الدین صحت یابی کی جانب گامزن ہے۔

ڈاکٹر ششی کانت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سے قبل اس طرح کا کیس ساڑھے تین سو سال قبل 1643 میں سامنے آیا تھا۔

ششی کانت کے مطابق اس طرح کے مریضوں کا علاج کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے خاص کر جب ان کا آپریشن کرنا پڑجائے۔