دنیا
Time 04 اکتوبر ، 2019

پاک بھارت ایٹمی جنگ ہوئی تو کیا ہوگا؟ امریکی محققین نے خبردار کردیا

 جوہری جنگ  کے ہلاکت خیز نتائج سامنے آئیں گے جس کے اثرات صرف جنوبی ایشیا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر پڑیں گے، فوٹو : فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے نتیجے میں فوری طور پر 10 کروڑ افراد ہلاک اور دنیا بھر کو قحط سالی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اس خدشے کا اظہار امریکی محققین کی جانب سے ایک نئے سائنسی مقالے میں کیا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر آئندہ برسوں میں پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ میں تبدیل ہوئی تو اس کے ہلاکت خیز نتائج سامنے آئیں گے جس کے اثرات صرف جنوبی ایشیا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر پڑیں گے۔

ماہرین کے مطابق جوہری حملوں کے نتیجے میں کروڑوں ٹن سیاہ کاربن پیدا ہوسکتا ہے جو کہ ایک ہی ہفتے میں فضا میں پھیل کر پوری دنیا کو متاثر کرے گا۔

دھوئیں کے سیاہ اور گرد آلود بادلوں کے نتیجے میں زمین پر پہنچنے والی سورج کی روشنی 20 سے 35 فیصد تک کم ہوجائے گی۔

سورج کی گرمی میں کمی کے باعث زمین کی سطح 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ ٹھنڈی ہوجائے گی اور بارش کی شرح بھی 15 سے 30 فیصد تک کم ہوجائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کا درجہ حرارت گرنے سے اتنی سردی ہوگی کہ قدیم برف کے زمانےکے بعد سے زمین پر اتنی زیادہ ٹھنڈ کبھی نہیں رہی ہوگی۔

ایٹمی جنگ کے نتیجے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات 10 سال تک رہ سکتے ہیں جس کے باعث دنیا قحط سالی کا شکار ہوسکتی ہے اور آبادی کا ایک بڑا حصہ غذائی قلت کا شکار ہوجائے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس وقت دونوں ممالک کے پاس 150 سے زائد جوہری ہتھیار ہیں جوکہ 2025 تک 200 سے زائد ہوسکتے ہیں۔

امریکی یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن روبوک کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے دونوں ممالک کے درمیان اس وقت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سخت تناؤ کا ماحول ہے اور دونوں کے درمیان سرحدی جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پروفیسر ایلن کے مطابق اگست میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کشمیر کی خودمختاری ختم کرکے اسے نئی دہلی کے زیر اثر کردیا گیا تھا جب کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے دوران دنیا کو خبردار کیا تھا کہ یہ مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :