Friday Oct 04, 2019
این اے 249 سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے ن لیگ کے رہنما شہباز شریف کو مات دے دی۔
الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کراچی سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی کامیابی کے خلاف درخواست مستر د کردی۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں این اے 249 کراچی میں شہباز شریف کو پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
صدر مسلم لیگ (ن) 600 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے جبکہ اس حلقے میں ساڑھے 3000 ووٹ منسوخ کیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا نے 35344 ووٹ حاصل کیے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب 34626 ووٹ لے سکے تھے۔
سندھ ہائیکورٹ الیکشن ٹریبونل میں شہباز شریف نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ فیصل واوڈا دھاندلی سے جیتے لہٰذا ان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے تاہم اب اس درخواست کو مسترد کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فیصل واوڈا وفاقی کابینہ میں شامل ہیں اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل ہیں۔
اس کے علاوہ 2 صوبائی حلقوں میں دوبارہ گنتی کیلئے دائر درخواستیں بھی سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کردیں، یہ درخواستیں پی ٹی آئی کے شہزاد اعوان اور ایم کیو ایم کے عباس جعفری کی کامیابی کے خلاف دائر کی گئی تھیں۔