تھائی لینڈ میں 6 ہاتھی ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں ہلاک

ننھے ہاتھی کو بچانے کی کوشش میں ایک کے بعد ایک کرکے 5 بڑے ہاتھی بھی آبشار سے گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ،فوٹو: تھائی نیشنل پارک

تھائی لینڈ میں 6 ہاتھی ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں آبشار سے گر کر ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے ایک نیشنل پارک میں پیش آیا جہاں ہاتھی کا ایک بچہ ایک بلند آبشار سے پھسل کر نیچے گر گیا۔

ننھے ہاتھی کو بچانے کی کوشش میں ایک کے بعد ایک کرکے 5 بڑے ہاتھی بھی آبشار سے گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ دو ہاتھی اب بھی پہاڑ کے کنارے موجود ہیں جنہیں ہٹانے کیلئے محکمہ جنگلی حیات اور نیشنل پارک کے حکام کوشش کررہے ہیں۔

تھائی حکام کے مطابق اس واقعے کا علم اس وقت ہوا جب آبشار کی جانب جانے والی سڑک کو ہاتھیوں کے ریوڑ نے بند کررکھا تھا۔

محکمہ جنگلی حیات نے معاملے کی چھان بین کی تو تین سالہ ہاتھی کے بچے کی لاش آبشار کے قریب سے ملی جب کہ قریب ہی 5 بڑے ہاتھیوں کی لاشیں بھی موجود تھیں۔

محکمہ جنگلی حیات کے افسر کے مطابق مذکورہ واقعے کے بعد سے ہاتھی غم زدہ نظر آرہے ہیں کیونکہ ہاتھی خاندان کی صورت میں رہنا پسند کرتے ہیں اور یہ حادثہ تو ایسا ہے جیسے کسی کے گھر کے آدھے لوگ اچانک ان سے جدا ہوجائیں۔

اس سے قبل بھی 1992 میں اسی نیشنل پارک میں ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 8 ہاتھی ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں اس وقت 7 ہزار کے قریب ایشائی ہاتھی موجود ہیں جن میں سے اکثریت انسانوں کی قید میں ہیں اور بار برداری جیسے کاموں میں استعمال ہوتے ہیں۔