کھیل
Time 05 اکتوبر ، 2019

برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کرے گا

شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی پاکستانی کرکٹرز سے بھی ملاقات کرائی جانے کا امکان ہے: ذرائع— فوٹو: فائل 

برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن دورہ پاکستان کے موقع پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور کا بھی دورہ کریں گے۔

برطانوی شاہی جوڑا رواں ماہ 14 سے 18 اکتوبر تک  پاکستان کا دورہ کرے گا، دورے میں وہ اسلام آباد اور لاہور سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں کا تاریخی دورہ کریں گے۔

لاہور آمد کے موقع پر شاہی جوڑی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کرے گی جس کیلئے پی سی بی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر اکیڈمی میں خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اکیڈمی میں مختلف مقامات پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ میچز کی یادگار تصاویر آویزاں کی جائیں گی، اس موقع پر امکان ہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی پاکستانی کرکٹرز سے بھی ملاقات کرائی جائے۔

یاد ر ہے کہ گزشتہ روز برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئیں تھیں جس کے مطابق اپنے دورہ پاکستان کے دوران ولیم اور کیٹ مڈلٹن مجموعی طور پر تقریباً ایک ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔

واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال 2006 میں پاکستان آچکے ہیں۔

مزید خبریں :