ٹوئٹر اب پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس یکطرفہ معطل نہیں کرے گا

فائل فوٹو اے پی—

اب سے مقبول مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس کو یکطرفہ معطل نہیں کیا جائے گا۔

حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ صباحت علی شاہ کی امریکا میں ٹوئٹر کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں حکومت پاکستان اور ٹوئٹر انتظامیہ کے درمیان اہم معاملات طے پائے۔

اعلامیے کے مطابق آئندہ ٹوئٹر انتظامیہ پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس یکطرفہ معطل نہیں کرسکے گی اور کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران ٹوئٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ زیربحث آیا تھا جس میں ٹوئٹر حکام کوآگاہ کیا  گیا کہ اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کیے گئے ہیں۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ٹوئٹر حکام کو بتایا گیا کہ کشمیر پر بھارت کے5 اگست کے غاصبانہ قبضے کے بعد ٹوئٹر کے ذریعے بھارتی غنڈہ گردی میں تیزی آئی ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے بھارتی اجارہ داری کے خلاف حکومت پاکستان کامؤقف تسلیم کرتےہوئے اکاؤنٹس معطلی کا طریقہ تبدیل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے  تاریخی خطاب کے بعد ٹوئٹر تعریفی پیغامات سے بھر گیا تھا اس کے علاوہ ’عمران خان وائس آف کشمیر‘ عالمی پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بھی گردش کررہا تھا۔

 تاہم اس دوران کئی پاکستانی صارفین نے یہ شکایت کی کہ ٹوئٹر نے کشمیر کے حق میں آواز بلند کرنے پر ان کے اکاؤنٹ معطل کر دیئے ہیں یا ان کو محدود کر دیا گیا ہے۔

اکاؤنٹ معطل کیے جانے کے بعد پاکستانی صارفین نے شدید احتجاج کیا تھا اور ٹوئٹر پر انڈیا ہائی جیکڈ ٹوئٹر (IndiaHijackedTwitter#) ٹرینڈ کے ذریعے آواز اٹھائی گئی۔

متعدد صارفین نے ٹوئٹر کے شریک بانی اور سی ای او جیک ڈورسی کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

مزید خبریں :