پاکستان
Time 09 اکتوبر ، 2019

حکومت کی معاشی پالیسیوں کیخلاف تاجروں کا احتجاج، 2 روزہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان

28 اور 29 اکتوبر کو 2 روزہ ملک گیر ہڑتال کی جائے گی: آل پاکستان انجمن تاجران — فوٹو: این این آئی 

تاجروں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کیخلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کیا۔ 

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )کے ٹیکسز، خرید و فروخت کیلئے شناختی کارڈ کی شرط اور مذاکرات میں حیلے بہانوں سے اکتائے ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر اسلام آباد میں احتجاج کیا۔

ملک بھر سے آئے ہوئے تاجر ہاکی گراؤنڈ میں جمع ہوئے جہاں سے شرکاء نے ایف بی آر کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کیلئے مارچ شروع کیا تو سرینا چوک پر انہیں روک دیا گیا۔

اس دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جبکہ تاجروں نے پتھراؤ کیا اور سرینا چوک پر لگی خار دار تاریں پھلانگنے اور ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ 

تاجروں نے سرینا چوک پر لگی خار دار تاریں پھلانگنے اور ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی — فوٹو: پی پی آئی 

 بعد ازاں تاجروں نے سرینا چوک پر ہی دھرنا دے دیا جس پر پولیس کی مزید نفری طلب کرلی  گئی۔

دوسری جانب تاجروں نے ایف بی آر حکام سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد 15 اکتوبر سے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ 

اس حوالے سے آل پاکستان انجمن تاجران کے رہنما اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے روزانہ ایک گھنٹہ جبکہ 28 اور 29 اکتوبر کو 2 روزہ ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ 

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل، چمڑے، کارپٹ، اسپورٹس اور سرجیکل آلات کیلئے زیرو ریٹنگ سہولت ختم کرکے واپس 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے اور 50 ہزار سے زائد کسی بھی قسم کی خرید و فروخت میں شناختی کارڈ کا ریکارڈ رکھنے کی شرط کے خلاف تاجر برادری نے 13 جولائی کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی تھی۔ 

مزید خبریں :