پاکستان
Time 09 اکتوبر ، 2019

پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا

ہم فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کے عہدیدار آزادی مارچ میں تعاون اور ان کا استقبال کریں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو— فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال پرغورکیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ نالائق، نااہل حکومت عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، ہم چاہتے ہیں ملک میں معاشی انصاف ہو۔

بلاول نے اس موقع پر اعلان کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے، ہم فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے عہدیدار آزادی مارچ میں تعاون اوران کا استقبال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کی مناسبت سے 18 کتوبر کو کراچی میں جلسہ منعقد کیا جائے گا، اگلے مہینے میں پنجاب میں انٹری دیں گے۔

بلاول نے کہا کہ فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں سندھ حکومت تعاون کرے گی، ملک میں سیاسی آزادی نہیں، جمہوری حقوق پامال ہورہے ہیں، جمہوری حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، عام آدمی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب گیا ہے، گیس،بجلی سمیت ہر چیز مہنگی کردی گئی ہے۔

بلاول نے مزید کہا کہ عمران خان کہتے رہے کہ دھرنے کیلئے کنٹینر اور کھانا بھی دیں گے، مولانا فضل الرحمان اسلام آباد آرہے ہیں، عمران خان بریانی بنوانا شروع کردیں،  فضل الرحمان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ جینا ہوگامرنا ہوگا،دھرنا ہوگا،دھرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں دھرنا سیاست سے گریز کرنا چاہیے، حکومت آپشنزبند کرتی جارہی ہے، آج مولانا نے یہ قدم اٹھایا کل پیپلزپارٹی بھی یہ قدم اٹھاسکتی ہے،دھرنا دینا جمہوری حق ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  جب کوئی اور آپشن نہیں ہوگا تبھی مولانا نےاحتجاج کا اعلان کیا ہے کل ہم بھی کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی شروع سے کہہ رہی ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی اخلاقی حمایت کرتی ہے تاہم واضح طور پر ابھی تک یہ نہیں کہا گیا کہ آیا پیپلز پارٹی خود اس مارچ کا حصہ ہوگی یا نہیں۔

فضل الرحمان حکومت کیخلاف کیوں دھرنا دینا چاہتے ہیں؟

25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں مولانا فضل الرحمان سمیت کئی بڑے ناموں کو شکست ہوئی جس کے فوراً بعد جے یو آئی ف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس بلائی اور انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا۔

19 اگست 2019 کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اسلام آباد میں ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کمر کے درد اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی دورے کے باعث اے پی سی میں شریک نہیں ہوئے۔

اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے حزب اختلاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں ملک کو مختلف بحرانوں سے دوچار کردیا گیا ہے، اس وقت پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہے اور حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے نتیجے میں ملک کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہے، معاشی بدحالی سے روس ٹکرے ہوگیا اور ہمیں ایسے ہی حالات کا سامنا ہے، ملک میں قومی یکجہتی کا فقدان ہے، ملک کا ہر طبقہ پریشانی میں مبتلا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کل تک ہم سوچ رہے تھے، سری نگر کیسے حاصل کرنا ہے؟ آج ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ مظفر آباد کیسے بچانا ہے؟ عمران کہتا تھا مودی جیتے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، موجودہ حکمران کشمیر فروش ہیں اور ان لوگوں نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے الزام عائد کیا کہ ہم عالمی سازش کا شکار ہیں اور ہمارے حکمران اس کا حصہ ہیں، جب تک میں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین رہا تو کشمیر کو کوئی نہیں بیچ سکا لیکن میرے جانے کے بعد کشمیر کا سودا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں اتفاق کیا ہے کہ سب اکٹھے اسلام آباد آئیں گے اور رہبر کمیٹی ایک ہفتے میں چارٹر آف ڈیمانڈ دے گی تاکہ جب اسلام آباد کی طرف آئیں گے تو ہمارے پاس متفقہ چارٹر آف ڈیمانڈ ہو۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 26 اگست کو رہبر کمیٹی اور 29 اگست کو اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی کانفرنس ہوگی، اپوزیشن آج سے حکومت کے خلاف تحریک کی طرف بڑھ رہی ہے، ان حکمرانوں کو ہٹانے کیلئے قوم ہمارا ساتھ دے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لاک ڈاؤن میں عوام آئیں گے، انہیں کوئی نہیں اٹھا سکتا، ہمارے لوگ عیاشی کیلئے نہیں آئیں گے اور ہر سختی برداشت کرلیں گے۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کھل کر مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا تاہم دونوں جماعتیں مولانا کی اخلاقی حمایت کررہی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کہہ چکے ہیں کہ ان کی جماعت دھرنے کی سیاست اور اسلام کے نام پر سیاست کرنے کے خلاف ہیں تاہم اگر کچھ تحفظات دور ہوجائیں تو ان کی پارٹی مولانا کے دھرنے میں شامل ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :