پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2019

برطانوی شاہی جوڑا 15 اکتوبر کو صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کرے گا

دورہ لاہور کے دوران شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے— فوٹو: فائل

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی رات 9 بجے  اپنے پہلے  دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 15اکتوبر کو اسلام آباد میں صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔

 دورہ پاکستان کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن 15اکتوبر کو ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے اس کے علاوہ شاہی مہمان اسی دن ایک خیراتی ادارے کے پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 16اکتوبر کو لاہور جائیں گے، لاہور میں شاہی مہمان ایک ایس او ایس ویلج کا بھی دورہ کریں گے، برطانوی شاہی مہمان لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے۔

دورہ لاہور کے دوران شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن نیشنل کرکٹ اکیڈمی  بھی جائیں گے جب کہ برطانوی شاہی مہمان 17اکتوبر کو چترال جائیں گے۔

برطانوی شاہی محل کے اعلامیے  کے مطابق شاہی جوڑا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگراموں میں بھی شرکت کرے گا اور پاکستانی عوام ، حکومتی رہنماؤں، کاروباری اور فلاحی شعبے میں خدمات انجام دینے والے افراد سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برطانوی جوڑا پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو سمجھنے کی بھی کوشش کرے گا اور شاہی جوڑے کی اس معاملے میں خصوصی دلچسپی ہے۔

اس کے علاوہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں سیکیورٹی کی پیچیدہ صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کرے گا، اس مقصد کیلئے وہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے والے برطانوی و پاکستانی ملٹری افسران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران ولیم اور کیٹ مڈلٹن مجموعی طور پر تقریباً ایک ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو کو دوپہر ڈیڑھ بجے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال 2006 میں پاکستان آچکے ہیں۔

مزید خبریں :