پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2019

سندھ حکومت کا کراچی میں سڑکیں خراب کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

سڑکوں کی خراب حالت نہ صرف حادثات کا سبب بن رہی ہے بلکہ یہ شہر میں ٹریفک جام کی بھی ایک بڑی وجہ ہے— فوٹو: فائل

کراچی کی ٹوٹی پھوٹی اور خستہ حال سڑکیں کسی جنگ زدہ علاقے کا منظر پیش کرتی ہیں ، صورتحال کو قابو کرنے کیلئے سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سڑکیں خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شہر قائد میں سڑکوں کی حالت ویسے تو پہلے بھی کافی خراب تھی لیکن حالیہ بارشوں کے بعد شہر  کا انفرااسٹرکچر بالکل ہی تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

شہر کے متعدد علاقوں میں کہیں سیوریج کا پانی جمع ہے تو کہیں پینے کے پانی کی لائن لیک ہونے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔

سرجانی ٹاؤن سے گولی مار چورنگی، سہراب گوٹھ پل سے راشد منہاس روڈ تک اور صدر ،شاہراہ پاکستان ،حسن اسکوائر ، سائٹ ایریا، سمیت مختلف علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔

اورنگی ٹاؤن میں عبدالستار ایدھی لائن میٹرو بس پروجیکٹ کے اطراف سمیت شارع اورنگی اور شارع قذافی بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

جناح ایونیو، اسکم، 33، ملیر کینٹ، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کو منسلک کرنے والی شاہراہیں بھی تباہ حالی کا منظر پیش کررہی ہیں۔

اہم شاہراہوں کی خراب حالت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈز کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

سڑکوں کی خراب حالت نہ صرف حادثات کا سبب بن رہی ہے بلکہ یہ شہر میں ٹریفک جام کی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کی صورتحال پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ صفائی کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور سیوریج کی حالت بھی خود دیکھیں گے۔

وزیراعلی سندھ نے میئر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ شہر کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں سڑکوں کو خراب کرنے والوں کے خلاف اب کارروائی ہوگی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ کی حالت جس نے خراب کی ہے اس کو اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

اس ماہ کراچی کی سڑکیں بہتر ہونا شروع ہوجائيں گی، وزیر بلدیات 

سابق وزیر ٹرانسپورٹ اور موجودہ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کراچی کی سڑکیں بہتر ہونا شروع ہوجائيں گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی ساری سڑکیں بہتر کرنے کیلئے بڑی اسکیم بنے گی، سڑکوں کو فوری قابل استعمال بنانے کیلئے بھی کام شروع کررہے ہيں۔

انہوں نے کہا کہ  میئر کراچی کو کے ایم سی کی سڑکوں کے ساتھ ایک دو بڑی شاہراہوں کے فنڈز بھی دیے اور انہوں نے کام بھی کیا ہے۔

مزید خبریں :