دنیا
Time 13 اکتوبر ، 2019

جاپان میں طوفان ہگی بس نے تباہی مچادی، 25 افراد ہلاک متعدد زخمی


جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں خطرناک ترین سمندری طوفان ہگی بس کے ٹکرانے سے 25 افراد ہلاک، متعدد زخمی اور کئی افراد لاپتہ ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سمندری طوفان ’ ہگی بس‘ جاپان کے جنوب مغرب میں واقع  جزیرہ نما علاقے ایزو سے ٹکرایا جو  225 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرقی ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق طوفان کے بعد لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک، 128 کے قریب زخمی جب کہ کئی افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔حکام کی جانب سے 60 لاکھ افراد کو فوری طور پر انخلا کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ہگی بس طوفان کے باعث متعدد درخت زمین سے اکھڑ گئے اور کئی علاقے بجلی سے بھی محروم ہوگئے جب کہ طوفان میں پھنسے افراد کو نکالنے کےلیے ایمرجنسی ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز جاپان میں 60 سال کے دوران آنے والے طاقتور ترین طوفان ہگی بس سے دارالحکومت ٹوکیو سمیت ملک بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جب کہ کئی علاقوں میں سیلاب آچکا ہے۔

طوفان کے باعث متعدد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ مارکیٹیں اور فیکٹریاں بھی بند ہوچکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ یہ طوفان 1958 میں جاپان میں آنے والے اس طوفان سے بھی زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک یا لاپتا ہوئے تھے۔

میٹرولوجیکل ایجنسی نے سیلابوں اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئےکہا ہےکہ طوفان مزید ریکارڈ بارشیں اور طوفانی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

مزید خبریں :