پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2019

کراچی میں قتل کی جانیوالی مصباح کے والد نے بیٹی کے قاتل کی شناخت کرلی

فوٹو: فائل

کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی جانے والی طالبہ مصباح کے والد نے ملزم کو شناخت کرلیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران میڈیکل کی طالبہ مصباح کے قتل کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں طالبہ مصباح کے والد نے ملزم نبی افغانی کومجسٹریٹ کے روبرو شناخت کرلیا۔

گزشتہ روز قبل پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی جانے والی یونیورسٹی طالبہ مصباح کے قاتل کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس میں ضلع شرقی پولیس نے سہراب گوٹھ میں الاعظم اسکوائر کے قریب خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر دو ڈکیتوں کو گرفتار کیا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد نبی افغانی اسٹریٹ کرمنل ہے جس کا ساتھی قاری بشیر افغانی تاحال فرار ہے، گرفتار ملزمان 3 اکتوبر کو موچی موڑ کے قریب طالبہ مصباح کے قتل سمیت ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث تھے۔

چند  روز قبل گلشن اقبال کے علاقے میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے میڈیکل کی طالبہ مصباح کو قتل کر دیا گیا تھا ۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مصباح اپنے والد کے ساتھ موچی موڑ کے قریب یونیورسٹی کی بس کا انتطار کر رہی تھیں کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئےتھے۔

مزید خبریں :