پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2019

صلاح الدین کے والد نے پولیس اہلکاروں کو معاف کردیا

اللہ کی رضا کیلئے پولیس اہل کاروں کو معاف کیا ہے: محمد افضال والد صلاح الدین— فوٹو: اسکرین گریب/ فائل 

رحیم یار خان میں پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے والد نے بیٹے کے قتل کے مقدمے میں شامل پولیس اہلکاروں کو معاف کردیا۔

فیصل آباد میں اے ٹی ایم سے چوری کرنے کے بعد منہ چڑانے والی ویڈیو سے مقبول ہونے والا ملزم صلاح الدین یکم ستمبر کو رحیم یار خان پولیس کی حراست میں ہلاک ہوگیا تھا۔ 

صلاح الدین کی ہلاکت کے بعد تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بھی بنایا گیا تھا لیکن اب صلاح الدین کے والد نے پولیس اہلکاروں کو معاف کردیا ہے۔ 

 پولیس کے مطابق محمد افضال نے گاؤں گورالی کی مسجد میں معافی کا اعلان کیا اور اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذیشان حنیف بھی موجود تھے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں صلاح الدین کے والد کا کہنا تھا کہ اللہ کی رضا کیلئے پولیس اہلکاروں کو معاف کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد ایس ایچ او سمیت 3 اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ  ڈی ایس پی سمیت دیگر ملوث اہلکاروں کو معطل بھی کیا گیا تھا۔

پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے صلاح الدین پر تشدد سے انکار کیا گیا لیکن بعد میں فارنزک رپورٹ میں زیر حراست ملزم پر تشدد کی تصدیق ہوئی تھی۔

فارنزک رپورٹ کے مطابق صلاح الدین کی موت سے پہلے اس پر تشدد کیا گیا، دائیں بازو کے اوپر اور پیٹ کے بائیں حصے پر تشدد کیا گیا تھا، جسم کے تشدد والے حصوں میں خون کے لوتھڑے تھے، صلاح الدین کو پھیپھڑوں کی بیماری کی وجہ سے سانس پھولنے کی بھی شکایت تھی۔

مزید خبریں :