پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2019

'اس اسکیل پر خوبصورتی میں نے آج تک نہیں دیکھی'


برطانوی شاہی جوڑا چترال کی سیر کرتے کرتے پاک افغان سرحد پر چھیا تیبو گلیشیئر کا نظارہ کرنے بھی پہنچا جس بارے میں شہزادہ ولیم نے کہا کہ دنیا کے اس حصے میں سفر کرتے ہوئے آپ توقع نہیں کرتے کہ آپ کو اس پیمانے کی خوبصورتی دیکھنے کو ملے گی۔

شہزادہ ولیم نے ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ گلیشیئر کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جہاں سحر انگیز مناظر کا تذکرہ کیا وہیں گلیشیئرز پگھلنے پر بھی تحفظات کااظہار کیا۔ 

شہزادہ ولیم نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ چھیا تیبو گلیشیئر تیزی سے پگھل رہا ہے جس کے باعث مقامی آبادی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے سے جہاں انہوں نے شاندار نظارے دیکھے وہیں وہ اس سفر کو ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کوششوں کا بھی حصہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے اس حصے میں سفر کرتے ہوئے آپ توقع نہیں کرتے کہ آپ کو ایسے نظارے دیکھنے کو ملیں گے۔ "آپ ہمارے پیچھے موجود سینری کو دیکھ سکتے ہیں جو ایسا عظیم الشان نظارہ ہے جو آپ نے کبھی نہیں دیکھا۔"

شہزادہ ولیم نے کہا کہ آپ کو یورپ میں اور نیوزی لینڈ میں بہت ہی خوبصورت نظارے ملتے ہیں لیکن یہ اس اسکیل (پیمانے) پر خوبصورتی ہے جو میں نے آج تک نہیں دیکھی۔

مزید خبریں :