پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2019

مدینہ منورہ بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد کا تعلق عرب اور ایشیائی ملکوں سے ہے،فوٹو:عرب  نیوز

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 35 مسافروں میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض سے مکہ جانے والی بس کو مدینہ کے قریب پیش آنے والے حادثے میں 35 مسافروں کے جاں بحق اور 4 کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں اکبر نامی ایک پاکستانی بھی شامل ہے جو کہ شدید زخمی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل متعلقہ سعودی حکام اور کنگ فہد اسپتال کے اسٹاف سے رابطے میں ہیں اور جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے حوالے سے تفصیلات حاصل کررہے ہیں جو جلد جاری کی جائیں گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر  سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے  اپنے اہلکاروں کے نام اور رابطہ نمبر بھی دیے گئے ہیں تاکہ اُن سے  حادثے سے متعلق کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے رابطہ کیا جاسکے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی مدینہ کے قریب زائرین کی بس کےحادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کو زخمیوں کے فوری علاج کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانی زائرین کی میتوں کی پاکستان منتقلی اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمارا سفارتخانہ سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ مدینہ منورہ کے علاقے الاکحل میں غیر ملکی زائرین کو لے کر جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں ؓبحق ہوگئے تھی۔ 

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق عرب اور ایشیائی ملکوں سے ہے۔

مزید خبریں :