ماہرہ ’قائداعظم زندہ باد‘ میں فہد مصطفیٰ کی ہیروئن بنیں گی

فہد مصطفیٰ اور ماہرہ کی بطور مرکزی کردار یہ پہلی فلم ہے جس کی ہدایتکاری کے فرائض نبیل قریشی سرانجام دیں گے— فوٹو:فائل 

لالی وڈ اداکارہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ پہلی بار ایک ساتھ مرکزی کرداروں میں سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

دونوں اداکار نبیل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان اس سے قبل فلم ’ایکٹر ان لاء‘ میں کیمیو (خصوصی شرکت) کرچکی ہیں اور ان کی فہد مصطفیٰ کے ساتھ بطور مرکزی اداکار پہلی فلم ہے۔

فلم میں فہد مصطفیٰ کے کردار سے متعلق ہدایتکار نبیل قریشی اپنے انٹرویو میں پہلی ہی بتاچکے ہیں کہ وہ ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی ایکشن اور کامیڈی پر مبنی ہے جو معاشرے میں بدنام پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے اور یہ فلم اگلے سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔

اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فلم میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے کی تصدیق کی ہے۔


فلم کو انڈسٹری کی مشہور جوڑی نبیل قریشی اور فضا علی ہی پروڈیوس کرے گی اور یہ جوڑی پہلے ہی کئی سپر ہٹ فلمیں بناچکی ہے جس میں ’نامعلوم افراد‘، ’ایکٹر ان لاء‘، ’نامعلوم افراد 2‘ اور ’لوڈ ویڈنگ‘ شامل ہیں۔

مزید خبریں :