پاکستان
Time 27 اکتوبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان سے حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات

کُل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں کشمیر کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا— فوٹو: پی آئی ڈی 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں نثار مرزا، محمد حسین خطیب اور جاوید اقبال شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی  موجود تھیں۔

حریت رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور کشمیرکا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اُجاگر کریں گے.

واضح رہے کہ آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کی جانب سے قبضے کے 72 برس پورے ہونے کے خلاف  اتوار کو یوم سیاہ منایا گیا۔

72 برس قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں جس کے بعد سے بھارت نے آج تک کشمیر کے ایک بڑے حصے پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

اس دن ہر سال کشمیری،اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا وعدہ پورے کرنے کی یاد دلاتے ہیں۔

بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقد کی گئیں جن کا مقصد کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں کے قتل عام کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔

مزید خبریں :