گھر کے کام کاج میں ہاتھ بٹانے والا روبوٹ کتا

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

اگر آپ کو گھر میں مائیکرو ویو یا ویکیوم کیلنر بار بار بند کرنا یا کھولنا مشکل لگتا ہے تو اس کا حل معروف ٹیکنالوجی کمپنی سونی نے نکال لیا ہے۔

سونی کے روبوٹک کتے کا نام آئبو ہے، یہ اسمارٹ آلات سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے بات چیت کرسکتا ہے اور یہ گھر میں موجود ویکیوم کلینر، مائیکروویو اور واشنگ مشین جیسے اسمارٹ آلات کو ضرورت پڑنے پر کھولنے یا بند کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

’آئبو‘ کو وائی فائی کی مدد سے اسمارٹ آلات کے ساتھ کنیکٹ کیا جا سکتا ہے، سونی کے اس روبوٹک آئبو کتے کی قیمت 2 ہزار 900 ڈالر ہوگی۔

سونی نے ماضی میں ’روبوٹک کتا آئبو‘ متعارف کرایا تھا اور کمپنی اب اس کی خصوصیات میں مزید جدّت لا رہی ہے اور حال ہی میں انہوں نے اس روبوٹک کتے میں ایسے فیچرز شامل کردیے ہیں جو کہ صارفین کے گھر کے کام کاج میں مدد کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

گیزموڈو کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹوکیو میں منعقد کیے جانےوالے جاپان کے سب سے بڑے آئی ٹی اور الیکٹرانکس ٹریڈ شو ’سی ای اے ٹی ای سی‘  میں ’آئبو‘ کے ان نئے فیچرز کی نمائش کی جائے گی۔

’آئبو‘ اسمارٹ واشنگ مشین سے آنے والے سگنلز کو سمجھے گا اور کپڑے دُھل جانے کی صورت میں بھونک کر مالک کو آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ سونی نے سب سے پہلا روبوٹک کتا آئبو 1999 میں متعارف کرایا تھا، آئبو ایک پالتو جانور کو دیکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جو کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مالک اور اس کے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ ایک پالتو کتے کی طرح برتاؤ کرتا ہے۔

مزید خبریں :