100 سالہ پرانے تھیٹر کے زیر زمین بھنگ کی فیکٹری نکل آئی

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

لندن پولیس نے سابق وکٹورین تھیٹر  پر چھاپا مار کر زیر  زمین بنائی گئی بھنگ کی ایک فیکٹری کا سراغ لگالیا جہاں ایک فارم میں 5 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی بھنگ کی فصل بھی اگائی جارہی تھی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق خفیہ فارم اور فیکٹری دریافت کرنے والے پولیس کے جاسوسوں کا ماننا ہے کہ یہ غیر قانونی فیکٹری کئی برس سے سالانہ 51 لاکھ 72 ہزار ڈالرز کی بھنگ کاشت کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فارم میں سینکڑوں کی تعداد میں بھنگ کے پودے موجود تھے جن کی نشوونما کے لیے ارد گرد پنکھے، لائٹ، اور ہیٹر لگے ہوئے تھے، بھنگ کی فصل کو حرارت دینے کے لیے جرائم پیشہ گروہ  زیر زمین کیبلز کے ذریعے سے بجلی چوری کرتے تھے۔

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

جنوب مشرقی لندن کے ڈیپٹ فورڈ میں واقع ایک مکان میں ٹوٹ پھوٹ کے حوالے سے پڑوسیوں نے پولیس سے شکایت کی جس کے بعد پولیس نے چھاپا مارا تو باتھ کا فرش کھوکھلا ہونے پر پولیس کو شک ہوا۔

پولیس  حکام یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مکان کے باتھ روم کے فرش کے نیچے سے خفیہ سرنگ کا راستہ بنایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ نے اس باتھ روم کو کھود کر  ایک خفیہ سرنگ بنا رکھی تھی جسے ٹائل سے بنے ہوئے دروازے سے ڈھکا گیا تھا اور  یہی سرنگ کا داخلی راستہ تھا، اس سرنگ کو بہت ہی چالاکی کے ساتھ تیار گیا تھا جس میں جرائم پیشہ افراد کے بھاگنے کے لیے سرنگ کے اندر ہی ایک الگ راستہ موجود تھا۔

اس وسیع و عریض جگہ پر 1897 میں ایک تھیٹر بنایا گیا تھا جسے 1963 میں توڑ دیا گیا تھا جس کے بعد اس جگہ پر مکان بنایا گیا تھا۔

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

پانچ لاکھ 56 ہزار ڈالرز مالیت کی جگہ پر بنی سرنگ کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ اس گروہ میں شامل کوئی ایک شخص یقیناً ماہر بلڈر ہوگا کیونکہ اس خفیہ سرنگ کا ڈیزائن اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ اسے قابل شخص نے بنایا ہے۔

اس مقام کے پڑوس میں ہی رہائش پذیر ایک تاجر کا کہنا تھا کہ وہ یہ سوچ کر ہی حیران ہیں کہ ان کے پڑو میں10 سال سے یہ غیر قانونی کام ہورہا تھا اور انہیں خبر تک نہ تھی۔

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

پولیس کا کہنا تھا اس جگہ کے آس پاس واقعات کے رپورٹ ہونے کے بعد اکتوبر میں ہمیں کسی نے اطلاع دی کہ اس جگہ کوئی مسئلہ ضرور ہے جس کے بعد ہم نے چھاپا مار کر یہ سرنگ دریافت کی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کیا جن کی عمریں 28 سے 47 برس کے درمیان ہیں جب کہ ایک 36 سالہ خاتون کو بھی بھنگ کی کاشت کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔