پاکستان
Time 07 نومبر ، 2019

اپوزیشن کے استعفے اور لاک ڈاؤن سمیت تمام آپشن کھلے ہیں: مفتی کفایت

فوٹو: فائل

جے یو آئی کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے مشترکہ استعفے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن سمیت تمام آپشن کھلے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ کا کہنا تھا چوہدری برادران سے ہمارا بہت پرانا تعلق ہے، چوہدری ظہور الٰہی اور مفتی محمود کے بہت اچھے مراسم تھے جو دوستی میں تبدیل ہو گئے۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ ہماری تحریک انصاف والوں سے قربت نہیں، اس وقت چوہدری برادران ہی مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں، چوہدری برادران قوم کو بحران سے نکالتے ہیں تو یہ ان کا قوم پر بہت بڑا احسان ہو گا۔

مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ ہم نے تمام راستے کھلے رکھنے ہیں، ایک آپشن ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ سے مستعفی ہو جائیں تو نئے انتخابات ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسرا آپشن ہے کہ احتجاج ملک بھر میں پھیلا دیا جائے اور لاک ڈاؤن کر دیا جائے، شاہراہیں بند ہوں گی، کاروبار ٹھپ ہو گا تو حکمران مجبور ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا اس طرح بھی ہو سکتا ہے کہ ہفتے میں دو تین دن لاک ڈاؤن کیا جائے اور تین دن حالات معمول پر رکھے جائیں اور یہ بھی تجویز ہے کہ ڈی چوک چلے جائیں۔

رہنما جے یو آئی ف کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سنجیدگی ہے تو ہم بھی اس کے لیے بھی تیار ہیں، وفا کرو گے تو وفا کریں گے، جفا کرو گے جفا کریں گے، ہم آدمی ہیں تمہارے جیسے جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے۔

اسلام آباد میں سرد موسم کے باعث دھرنے کے شرکاء کو درپیش مشکلات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ ہم نکلے ہی کفن باندھ کر ہیں، بارش، برفباری اور گرمی انقلابی لوگوں کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

مزید خبریں :