پاکستان
Time 08 نومبر ، 2019

’معلوم نہیں تھا پرویز خٹک اتنے اچھے ٹھمکے لگاتے ہیں‘


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے وزیر دفاع پرویز خٹک کے پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران کنٹینر پر کیے جانے والے رقص کی اسمبلی میں تعریف کردی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے حکومتی اراکین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر اداروں کا بیڑا غرق ہوا تو آپ کا ہمارا بیڑا غرق نہیں ہوگا بلکہ جمہوریت کا ہوگا، کل بھی ایوان میں آئین کی خلاف ورزی ہوئی، آپ کا منصب اجازت نہیں دیتا کہ آپ مذاکراتی کمیٹی کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ جو اقتدار میں ہوتا ہے وہ کم علم ہوتاہے، حکومت والے نوازئیدہ لوگ ہیں، یہ دوست نما دشمن ہیں، ان جیسے لوگ اپنے لیڈر کو گالیاں پڑواتے ہیں، ان کا بھیجا خالی ہے یہ نیازی صاحب کے دوست نہیں دشمن ہیں، جب ان کے اوپر چھت گرے گی تو انہیں پتہ چلے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک میں تو اتنی جرات نہیں کہ مولانا کی ڈیمانڈ وزیراعظم کو بتاسکیں، وہ مولانا کی ڈیمانڈ وزیراعظم کو بتائیں تو عمران خان ناراض ہوجاتے ہیں، میں نے پرویز الہیٰ سے ملاقات میں کہا کہ انہیں مولانا کی ڈیمانڈ بتائیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آپ نے دھرنا دیا تو غلط نہیں تھا آج ہم دے رہے ہیں تو غلط ہے، بہت جلدی الیکشن ہوں گے اور ہماری ڈیمانڈ پر ہوں گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک پی ٹی آئی کے دھرنے میں کنٹینر پر چڑھ کر ڈانس کیا کرتے تھے، مجھےمعلوم نہیں تھا خٹک صاحب آپ اتنے اچھا ٹھمکے لگاتے ہیں، یہ ہم نہیں لگا سکتے۔

مزید خبریں :