روز نظر آنے والی چیزوں کے مخصوص رنگ کیا کہتے ہیں؟

فوٹو: فائل

انسانی آنکھ 70 لاکھ سے زائد رنگ دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہم مختلف چیزوں کے رنگوں کا انتخاب مختلف وجوہات کی بناء پر کرتے ہیں۔

ہم اپنی زندگی میں روز مرّہ بہت سی چیزوں کو دیکھتے ہیں جن کے کچھ مخصوص رنگ مختص ہیں، ہم میں سے کافی لوگوں نے اس بات پر غور بھی ضرور کیا ہوگا کہ آیا اس چیز کا رنگ یہ ہی کیوں ہوتا ہے۔

آج ہم آپ کے دماغ میں اُٹھنے والے ان تمام تجسس کا جواب دیں گے۔

آئیے ہم آپ کو روز مرّہ دکھائی دینے والی چیزوں کے رنگ کے پیچھے چُھپی وجوہات کے بارے میں بتائیں۔

1۔ کمرشل ہوائی جہاز کا رنگ سفید کیوں ہوتا ہے؟

فوٹو: فائل

کیا ہم نے کبھی کالے یا کسی دوسرے رنگ کے کمرشل ہوائی جہاز کو آسمان میں اُڑان بھرتے دیکھا ہے؟

آپ نے تقریباً ہر  کمرشل جہاز کو سفید رنگ کا ہی دیکھا ہو گا لیکن اس جہاز کا رنگ سفید کیوں ہوتا ہے، آپ نے کبھی اس بارے میں سوچا ہے؟

کمرشل ہوائی جہاز کے لیے سفید رنگ کا انتخاب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ جہاز پر سفید رنگ سورج کی شعاعوں کو منعکس کرتا ہے، یعنی جب سورج کی روشنی جہاز پر پڑتی ہے تو یہ سفید رنگ روشنی کو جذب کرنے کے بجائے اسے موڑ دیتا ہے۔

فوٹو: فائل

روشنی منعکس ہونے کی وجہ سے جہاز زیادہ گرم نہیں ہوتا جب کہ جہاز کو سورج کی شعاعوں سے نقصان بھی نہیں ہوتا اور  یہ سفید رنگ جہاز کے اندر کا درجہ حرارت بھی ٹھنڈا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کمرشل ہوائی جہاز کا سفید رنگ ہونے کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ جب جہاز کو زمین پر اُتارا جاتا ہے تو سفید رنگ کی وجہ سے جہاز کو  ٹھنڈا ہونے میں کم وقت لگاتا ہے۔

2۔ گاڑیوں کے ٹائر کا رنگ کالا کیوں ہوتا ہے؟

فوٹو: فائل

ہم نے اپنی زندگی میں گاڑی میں لگے ٹائر کا رنگ ہمیشہ سے ہی کالا دیکھا ہے، کیا آپ نے اس بارے میں کبھی سوچا ہے کہ گاڑی میں لگے ٹائر کا رنگ کالے کے علاوہ کسی اور رنگ کا کیوں نہیں ہوتا؟

گاڑی میں استعمال کیے جانے والے ٹائر کو بنانے میں ربڑ کا استعمال کیا جاتا ہے، اور جب ربڑ سے ٹائر بن کر تیار ہو جاتا ہے تو اس کا رنگ سفید ہوتا ہے مگر اس سفید رنگ کے ربڑ کے ٹائر میں ‘کاربن‘ ملایا جاتا ہے جو کہ ٹائر کی مضبوطی اور اسے پائیدار بناتا ہے۔

فوٹو: فائل

ٹائر میں کاربن کا استعمال کرنے سے ٹائر کی پائیداری میں اضافہ ہونے کے ساتھ یہ حرارت یا گرمی کو دور کرنے اور ٹائر کو سورج کی خطرناک شعاعوں سے بچانے کا  کام بھی کرتا ہے۔

3۔ زیبرا کراسنگ میں سفید اور کالے رنگ کا انتخاب کیوں کیا جاتا ہے؟

فوٹو: فائل

زیبرا کراسنگ جو کہ خاص طور پر پیدل چلنے والے افراد کے لیے بنائی جاتی ہے، اس میں سفید اور کالے رنگ کا چناؤ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ یہ دونوں رنگ دور سے ہی بالکل صاف نظر آتے ہیں۔

جس کی وجہ سے ڈرائیور دور سے ہی اپنی گاڑی کی رفتار کم کر دیتا ہے اور  پھر  پیدل چلنے والے افراد آرام سے سڑک پار کر لیتے ہیں۔

4. ٹیکسی کا رنگ پیلا کیوں ہوتا ہے؟

فوٹو: فائل

ٹیکسی کا رنگ پیلا ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ رنگ باآسانی آنکھوں کو نظر آ جاتا ہے جب کہ اندھیرے میں مسافر آرام سے سڑک پر چلنے والی ٹیکسی کو باقی گاڑیوں سے الگ کرنے میں مشکل کا شکار  بھی نہیں ہوتے۔

ٹیکسی کے لیے پیلے رنگ کے انتخاب کی وجہ یہ ہے کہ پیلا رنگ ٹیکسی کو آسانی سے  پہچاننے باعث بنتا ہے۔

5۔ فٹ بال کا رنگ کالا اور سفید کیوں ہوتا ہے؟

فوٹو: فائل

ابتداء میں فٹبال کا رنگ مکمل سفید ہوتا تھا لیکن پھر فٹ بال کی معروف کمپنی ایڈیڈاس نے اس میں کالے رنگ کو بھی شامل کر لیا۔

فٹبال میں کالے رنگ کو شامل کرنے کی وجہ یہ تھی کہ اُس زمانے میں ٹی وی کی اسکرین پر  صرف سفید اور کالے رنگ ہی نظر آتے تھے اور جب ایڈیڈاس نے سفید رنگ کی فٹبال پر کالے رنگ کے داغ لگا دیئے تو یہ ٹی وی کی اسکرین پر مزید واضح نظر آنے لگی۔

6. ٹوائلٹ پیپر کا رنگ سفید کیوں ہوتا ہے؟

فوٹو: فائل

ٹوائلٹ پیپر کا رنگ سفید اس لیے ہوتا ہے کیونکہ اسے بنانے کے بعد بلیچ کیا جاتا ہے، جب ٹوائلٹ پیپر تیار کیا جاتا ہے تو اس کا رنگ بھورا ہوتا ہے جسے بعد میں بلیچ کر کے سفید کر دیا جاتا ہے۔

ٹوائلٹ پیپر کو سفید کے علاوہ اور رنگ میں اس لیے نہیں بنایا جاتا کیونکہ کمپنی کو اس کا رنگ تبدیل کرنے کے لیے ’ڈائے‘ کرنے کی ضرورت پڑتی ہے اور ڈائے کرنے کے لیے کمپنی کو مزید پیسے درکار  ہوں گے، یہی وجہ ہے کہ اسے ڈائے کیے بغیر ہی فروخت کیا جاتا ہے۔

فوٹو: فائل

دوسری جانب بہت سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سفید رنگ کے علاوہ ڈائے کر کے مختلف رنگ کے ٹوائلٹ پیپر صحت کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوتے۔

7۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ’لوگو‘ کا رنگ نیلا کیوں ہوتا ہے؟

فوٹو: فائل

کیا آپ نے کبھی اس بات پر غور کیا ہے کہ زیادہ تر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لوگو کا رنگ نیلا ہی کیوں ہوتا ہے؟ مثلاً فیس بک، میسنجر، اسکائپ، لنکڈاِن، ٹوئٹر ان تمام ایپس کے لوگو نیلے ہی کیوں ہوتے ہیں؟

یہ اس لیے ہے کیونکہ نیلے رنگ کا تعلق براہ راست عقلمندی اور دماغ سے ہے اور  اس کا تعلق ایک دوسرے سے بات چیت کرنے سے بھی ہے۔

نیلا رنگ حفاظت کرنے کی بھی نمائندگی کرتا ہے اور  یہی وجہ ہے کہ ان تمام پلیٹ فارم کے مالکان نے صارفین کے بات چیت کے عمل اور حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان ایپس کے لوگو کے لیے نیلے رنگ کا انتخاب کیا ہے۔

مزید خبریں :