دنیا
Time 09 نومبر ، 2019

عراق ؛ مظاہرین پر سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

 بصرہ میں بھی سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے دوران 3 مظاہرین جان کی بازی ہار گئے،فوٹو:اے ایف پی

عراق میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے دوران 7 مظاہرین ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت بغداد میں دریائے دجلہ پر قائم 3 اہم پلوں کومظاہرین سے خالی کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا گیا، اس دوران فائرنگ اور آنسو گیس کی شینلگ سے 4 افراد ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب بصرہ میں بھی سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے دوران 3 مظاہرین جان کی بازی ہار گئے۔

کربلا میں بھی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر شدید شیلنگ کی گئی جس کے باعث مظاہرین کے متعدد خیمے جل گئے ۔

اس سے قبل عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا کہنا تھا کہ حکمت اور عدلیہ کی جانب سے ہلاکتوں کی تحقیقات جاری رہیں گی اور تمام زیر حراست افراد کو بھی رہا کردیا جائے گا۔عراقی وزیراعظم کی جانب سے آئندہ چند روز میں انتخابی اصلاحات کا بھی وعدہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب عراق کے مذہبی رہنما آیت اللہ سیستانی نے سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کو پُرتشدد کارروائیوں سے دور رہنے پر زور دیاہے۔ انھوں نے حکومت پر بھی زوردیا ہے کہ وہ جلد سے جلد مظاہرین کے مطالبات کو تسلیم کرنے پر غور کرے۔

خیال رہے کہ عراق میں مظاہرین معاشی بدحالی، بے ضابطگیوں اور ناقص سہولیات کے خلاف یکم اکتوبر سے مظاہرے کررہے ہیں۔

مظاہرین وزیراعظم کے استعفے اور 60 دن میں عام انتخابات کامطالبہ کررہے ہیں اور گذشتہ ماہ سےجاری مظاہروں میں 250سےزائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکےہیں۔


مزید خبریں :