کرتار پور راہداری کا افتتاح: شوبز کی معروف شخصیات کیا کہتی ہیں؟

کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف شخصیات نے حکومت پاکستان کی جانب سے امن کے اس مثبت قدم کو خوب سراہا ہے— فوٹو: فائل

حکومتِ پاکستان نے  کرتار پور راہداری کا افتتاح کرکے دنیا میں امن، محبت اور  رواداری کی ایک اعلیٰ مثال قائم کردی۔

اس موقع پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی حکومت کے اس اقدام کے حوالے سے اپنے جذبات کو ظاہر کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف شخصیات نے حکومت پاکستان کی جانب سے امن کے اس مثبت قدم کو خوب سراہا۔

اس تاریخی موقع پر معروف اداکارہ ماہرہ خان، ارمینا خان، علی ظفر اور متعدد مشہور شخصیات نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

ماہرہ خان

یہ اقبال کا پاکستان ہے، ماہرہ خان — فوٹو: فائل

سپر اسٹار ماہرہ خان نے کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’مجھے پاکستان پر بہت فخر ہے، یہ قدم سب کے لیے محبت، امن اور رواداری کا پیغام ہے، یہ اقبال کا پاکستان ہے۔‘






ماورا حسین

اداکارہ ماورہ حسین — فوٹو : فائل

اداکارہ ماورا حسین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’مجھے اپنے ملک اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان  پر ہمیشہ فخر  ہے‘۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں امن و ترقی کی مزید راہداریاں کھلیں گی۔






مومنہ مستحسن

گلوکارہ مومنہ مستحسن — فوٹو: فائل

گلوکارہ مومنہ مستحسن نے کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بحیثیت ایک قوم اپنے لیڈر پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارا لیڈر خطے میں امن کی کرن ہے تو ہمیں ان پر فخر ہوتا ہے‘۔







ارمینہ خان

ارمینہ خان — فوٹو: فائل

اداکارہ ارمینہ رانا خان نے کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے امن کے اس اقدام کو خوب سراہا۔ 

ارمینہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان کے کرتار پور راہداری کے افتتاح کے احسن قدم اور بھارت کی جانب سے بابری مسجد کے متعصبانہ فیصلے کا موازنہ بھی کیا۔










بلال اشرف

اداکار و ماڈل بلال اشرف — فوٹو: فائل

اداکار بلال اشرف نے  اپنے ٹوئٹر پیغام میں سکھوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان زندہ باد کہا۔









احد رضا میر

اداکار احد رضا میر— فوٹو: فائل

معروف اداکار احد رضا میر نے پاکستان کی جانب سے امن اور بین المذاہب ہم آہنگی  کے اس قدم کو تاریخی کہتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔







وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور اس تقریب میں وزیراعظم کی دعوت پر کانگریس رہنما اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے شرکت کی تھی جب کہ بھارتی حکومت کی طرف سے وزیر خوراک ہرسمرت کور اور وزیر تعمیرات ہردیپ سنگھ بھی شریک ہوئے تھے۔

11 ماہ میں راہداری کی تکمیل

حکومتِ پاکستان نے 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں کرتارپور راہداری مکمل کی اورگوردوارہ دربار صاحب کودنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ بنادیا۔

گزشتہ روز 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کرکے تاریخ رقم کی۔

سکھ یاتری اسے بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن پر حکومتِ پاکستان کی طرف سے تحفہ قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :