پاکستان
Time 10 نومبر ، 2019

ملک بھر میں جشن ولادتِ رسول ﷺ عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا


ملک بھر میں جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔

جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کاآغاز ہوا جبکہ لاہور میں دن کے آغازپر 21 توپوں کی سلامی دی گئی جس کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیےخصوصی دعائیں کی گئیں۔

میلاد النبیﷺ  کے موقع پر  مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز  پرچموں اور  برقی قمقموں سے سجائی گئیں اور عاشقان رسولﷺ  کی جانب سے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺسے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے محافل میلاد منقعد کی گئیں جن میں پیغمبراکرم ﷺ کی شان بیان کی گئی۔

جشن ولادت رسولﷺ کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

 کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس بعد نماز ظہر نشترپارک سے برآمد ہوا جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل بند کردیا گیا ۔

کوئٹہ میں 12ربیع الاول کے موقع پر ایک درجن جلوس برآمد ہوئے جب کہ مرکزی جلوس باچاخان چوک سے نکالاگیا تاہم جلوس کی سیکیورٹی کے لیے شہر میں تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

18 منزلہ کیک اور 125 من ملک شیک 

پنجاب کے شہر مرید کے میں مدرسہ خواتین کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر 18 منزلہ کیک بھی کاٹا گیا۔ فیصل آباد میں 163 پاؤنڈ اور چنیوٹ میں 63 من وزنی کیک کاٹا گیا جب کہ منڈی بہاؤالدین میں جلوس کے شرکا کے لیے 125 من ملک شیک تیار کیا گيا۔ 

رحیم یار خان میں 600 پونڈ وزنی کیک تیار کیا گیا تھا جب کہ نوابشاہ میں بریانی اور گوجرانوالہ میں 100من کھیر پکائی گئی اور طلبا کے درمیان نعت خوانی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔


مزید خبریں :