پاکستان
Time 10 نومبر ، 2019

دعا ہے ایسے مہینے ہماری زندگی میں بار بار آتے رہیں، وزیراعظم کا میلاد النبیﷺ پر پیغام

وزیر اعظم پاکستان عمران خان—فیس بک فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جشنِ ولادتِ رسولﷺ پر  ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خصوصی پیغام دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’تاریخ انسانیت کی پہلی فلاحی ریاست کا تصور سب سے پہلے اسلام نے دیا، دعا ہے  ایسے مہینے ہماری زندگی میں بار بار آتے رہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ حضور کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے، آپﷺ نے تو دشمنوں سے بھی خود کو صادق و امین کہلوایا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ ’آپ ﷺ نے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر مثالی ریاست قائم کی، مدینےکی ریاست میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی آزادی تھی، دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصدکےحصول میں کامیاب فرمائے‘۔

صدر مملکت کی جانب سے قوم کو مبارکباد

تمام اہل وطن بالخصوص علماء وطن عزیز کوفلاحی ریاست بنانے کےلیے کردار ادا کریں، صدر مملکت— فوٹو: فائل

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بھی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت پراہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ ’بارگاہ ایزدی میں دعا ہے کہ یہ ماہ مبارک ہم سب کیلئے باعثِ رحمت وبرکت ثابت ہو، آپﷺ کائنات کی وہ عظیم ترین شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے نمونہ سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں، مختلف شعبہ جات میں معاشی اور معاشرتی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل جاری ہے، تمام اہل وطن بالخصوص علماء وطن عزیز کوفلاحی ریاست بنانے کےلیے کردار  ادا کریں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اور عاشقان رسول ﷺ اپنے اپنے انداز میں محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :