دنیا
Time 10 نومبر ، 2019

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری کا افتتاح خوش آئند ہے، امریکا


امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری کا افتتاح خوش آئند قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا جس میں بھارتی اہم شخصیات سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔

کرتارپور راہداری کا افتتاح کرنے پر وزیراعظم عمران خان کو دنیا بھر سے مبارک باد موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے  اور ان کے اس عمل کو امریکا نے بھی خوب سراہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی محکمہ خارجہ پاکستان اور بھارت کو کرتارپور راہداری کے افتتاح پر مبارک باد پیش کرتا ہے، یہ راہداری مذہبی آزادی کی جانب ایک قدم ہے‘۔


ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’یہ متاثر کن پروجیکٹ حساس بین الاقوامی سرحد کے اطراف تین ایکڑ رقبے پر پھیلے مضافاتی علاقے کو یکسر بدل دے گا۔

علاوہ ازیں مورگن آرٹاگس نے پاکستان کو بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح کرنے پر خوب داد بھی دی۔ 

خیال رہے کہ حکومتِ پاکستان نے 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں کرتارپور راہداری مکمل کی اورگوردوارہ دربار صاحب کودنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ بنادیا۔

گزشتہ روز 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کرکے تاریخ رقم کی۔

سکھ یاتری اسے بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن پر حکومتِ پاکستان کی طرف سے تحفہ قرار دے رہے ہیں۔      

مزید خبریں :