دنیا
Time 11 نومبر ، 2019

’بلبل‘ سے بنگلا دیش اور بھارت میں تباہی،24 افراد ہلاک

طوفان کے نتیجے میں ساحلی علاقوں کو تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا بھی سامنا کرنا پڑا جب کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا— فوٹو: انڈین میڈیا

سمندری طوطان بلبل نے بھارت اور  بنگلا دیش کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 24 افراد ہلاک اور  20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان بلبل ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بنگلادیش اور  بھارتی ریاستوں مغربی بنگال اور اڑیسہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا۔

طوفان کے نتیجے میں ساحلی علاقوں کو تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا بھی سامنا کرنا پڑا جب کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

بنگلا دیشی حکام کے مطابق طوفان کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 11 کی موت درختوں کے گرنے سے ہوئی جب کہ مچھیروں کی ایک کشتی الٹنے سے 5 افراد لاپتہ بھی ہیں۔

سمندری طوفان بلبل کے نتیجے میں بنگلہ دیش کو اپنی تاریخ کے ایک بڑے انحلاء کا بھی سامنا ہے ،فوٹو: اے ایف پی

سمندری طوفان بلبل کے نتیجے میں بنگلہ دیش کو اپنی تاریخ کے ایک بڑے انحلاء کا بھی سامنا ہے اور 20 لاکھ سے زائد افراد کومحفوظ مقامات پر خصوصی شلیٹر ہومز میں منتقل کیا گیا ہے۔

بنگلا دیشی وزیر برائے آفات انعام الرحمان کے مطابق طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 10 ہزار سے زائد مٹی اور ٹین کے گھر تباہ ہوئے ہیں جب کہ 5 لاکھ ایکڑ کے رقبے پر فصل بھی بردباد ہوگئی ہے۔

بھارت میں بلبل کے اثرات

سمندری طوفان بلبل نے بھارت کی ریاست مغربی بنگال اور اڑیسہ میں بھی تباہی مچائی ہے۔

مغربی بنگال میں طوفانی ہواؤں کے باعث سیکڑوں درخت گر گئے،فوٹو: اے ایف پی

طوفان کے باعث مغربی بنگال میں مختلف واقعات میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ اڑیسہ میں 2 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں طوفانی ہواؤں کے باعث سیکڑوں درخت گر گئے جب کہ ڈھائی ہزار کے قریب گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہا طوفان کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 1 لاکھ 80 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ، کولکتہ ائیرپورٹ پر 12 گھنٹے کے لیے پروازوں کی آمدو روفت بھی روک دی گئی تھی جو کہ اب بحال کردی گئی ہے۔

اڑیسہ میں بھی سیکڑوں افراد کو محفوظ مقام کی طرف منتقل ہونا پڑا جب کہ ساحلی علاقوں میں کاشت کی گئی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کی شدت میں اب کمی آگئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد اپنے علاقوں کی جانب واپس جانا شروع ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :