دنیا
Time 13 نومبر ، 2019

بنگلا دیش: 2 ٹرینوں میں تصادم، 16 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے

حادثے کے باعث ڈھاکا سے چٹاکانگ اور سلہٹ جانے والی ٹرینوں کی آمدو رفت معطل کردی گئی،فوٹو:ٹوئٹر

بنگلا دیش میں 2 ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ مشرقی بنگلا دیش کے ضلع برہمن باریا میں مندولبھاگ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک ٹرین کی تین بوگیاں الٹ گئیں۔

حکام کے مطابق حادثے میں مرنے والوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

فوٹو:ٹوئٹر

حادثے کے باعث ریلوے ٹریک متاثر ہونے کی وجہ سے دارالحکومت ڈھاکا سے چٹاگانگ اور سلہٹ جانے والی ٹرینوں کی آمدو رفت معطل کردی گئی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم ابتدائی طور پر خدشہ ہے کہ غلط سگنل کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

بنگلا دیش میں ریلوے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں جس کی بڑی وجہ ناقص ٹریک، ریلوے کراسنگ کا نہ ہونا اور اہلکاروں کی غفلت بتائی جاتی ہے۔

مزید خبریں :