پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 27 فروری صبح فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والےدو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا جن میں سے ایک مگ 21 لڑاکا طیارہ پاکستان کی حدود میں گرا اور اس میں سواربھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو زندہ مگر زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچا کر گرفتار کیا اور بعدازاں طبی امداد اور چائے پلانے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر واہگہ کے راستے بھارت کے حوالے کر دیا ۔
دونوں بھارتی طیاروں میں سے ایک طیارہ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی جب کہ دوسرا ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا جنہیں فوج نے بعد ازاں اعزازات سے بھی نوازا۔
پاک فضائیہ کے مطابق بھارتی دراندازی کے 27 فروری کے آپریشن کا نام "آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ" تھا۔
اب پاک فضائیہ کے کراچی میں واقع میوزیم میں ایک گیلری بنائی گئی ہے جس کا نام 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ" رکھا گیا ہے۔ اس گیلری میں گرائے گئے بھارتی طیاروں کے پرزے ، ابھی نندن کا مجسمہ، اس کی وردی ، چائے کا کپ اور پاک فضائیہ کے دونوں ہیروز کی تصاویر سمیت اس آپریشن سے جڑی دیگر چیزیں رکھی گئی ہیں۔
اور اب عام افراد بھی میوزیم میں جا کر اس گیلری کو دیکھ سکتے ہیں۔