پاکستان
Time 14 نومبر ، 2019

فواد کے بعد حفیظ شیخ نے بھی کہہ دیا کہ حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بعد وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی کہہ دیا ہے کہ حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں۔

مشیرخزانہ حفیظ شیخ کہتے ہیں کہ حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ ادارے لوگوں کوروزگار فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو روزگار نہیں دے سکتے البتہ روزگار کے لیے ماحول بہتر کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فواد چوہدری نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا حالانکہ انتخابات سے قبل تحریک انصاف نے جو منشور پیش کیا تھا اس میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں حفیظ شیخ نے ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہونے کا بیان دے کر بھی سب کو حیران کردیا تھا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ نجکاری کا پروگرام دوبارہ شروع کررہے ہیں، ایل این جی پاور پلانٹس، کچھ بینکس اور انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں امن اور ترقی کے موضوع پر منعقدہ سیمنار سے خطاب میں حفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے عوامی ترقی کو پہلی ترجیح دی، ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے بغیرعلاقائی ترقی نا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقائی مسائل کا سامنا ہے اور علاقائی رابطے کمزور ہیں، سرحدوں پر کسٹمز انفرا اسٹرکچر ایک جیسا نہیں ہے، پاکستان افغانستان میں حالات بہتر کرنے کی کوشش کررہا ہے، سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ خطے میں امن چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :