دنیا
Time 16 نومبر ، 2019

شمالی شام میں کار بم دھماکا، 18 افراد ہلاک

دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے،فوٹو: ترک میڈیا

ترکی کے زیر انتظام شمالی شام کے علاقے الباب میں کار بم حملے میں 18 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمالی شام کے سرحدی علاقے الباب میں ایک بس اڈے کے قریب پیش آیا، دھماکے میں متعدد گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے تاہم ترک وزارت دفاع نے اس کا الزام کرد عسکری تنظیموں پر عائد کیا ہے۔

ترکی کا کہنا ہے کہ کرد دہشت گرد گروہ پی کے کے اور وائے پی جی نے داعش کی طرح عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی شام کا الباب نامی قصبہ گذشتہ 3 سالوں سے ترکی کے کنٹرول میں ہے، ترکی نے 2016 میں یہاں آپریشن کرکے کرد ملیشیا کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔

یاد رہے کہ ترکی کی جانب سے گذشہ ماہ شمالی شام میں کرد ملیشیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا تھا تاہم امریکا اورپھر روس کی جانب سے مذاکرات کے بعد ترکی نے جنگ بندی کا اعلان کررکھا ہے جب کہ کرد جنگجوؤں نے علاقہ خالی کردیا ہے۔

ترکی اپنی سرحد سے متصل شامی علاقے کو محفوظ بنا کر ترکی میں موجود کم و بیش 20 لاکھ شامی مہاجرین کو بھی وہاں ٹھہرانا چاہتا ہے۔

مزید خبریں :