پاکستان
Time 17 نومبر ، 2019

جے یو آئی کے پلان بی کا چوتھا روز، پلان سی سے پہلے حکومت کے جانے کا دعویٰ

فوٹو: اسکرین گریب

جمعیت علمائے اسلام ف کے پلان بی کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں چوتھے روز بھی دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔

جے یو ئی آئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دیکر افغانستان کے لیے سپلائی معطل کر دی۔

احتجاج اور دھرنے کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب

بنوں میں بھی جے یو آئی ف کے کارکنوں کی جانب سے لنک روڈ انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا جا رہا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

کراچی میں حب ریور روڈ پر بھی جے یو آئی ف کے کارکن چوتھے روز دھرنا دے رہے ہیں۔

دھرنے کے مقام پر پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موجود ہے جب کہ دھرنے کے باعث حب جانے والے ٹریفک کو مشرف موڑ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب

خیرپور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما راشد سومرو کا کہنا تھا کہ دھرنے کا پلان بی کامیابی سے جاری ہے۔

راشد سومرو کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس تو زیڈ تک پلان موجود ہیں لیکن پلان سی سے پہلے ہی حکومت چلی جائے گی۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے پلان بی کے تحت گزشتہ روز بھی ژوب کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان قومی شاہراہ پر، نوشہرہ میں جی ٹی روڈ اور حکیم آباد کے مقام پر، بنوں میں لنک روڈ انڈس ہائی وے پر جب کہ مالاکنڈ میں پل چوکی چکدرہ پر گزشتہ روز بھی دھرنے جاری رہے۔

جگہ جگہ مال بردار اور مسافر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں اور مسافروں نے پریشانی پر احتجاج بھی کیا۔

مانسہرہ میں غازی کوٹ کے مقام پر شاہرائے قراقرم کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تو مسافروں نے احتجاج شروع کر دیا جس پر دھرنا ختم اور ایک شہری کو تو خود جمعیت علمائے اسلام ف کے مفتی کفایت اللہ نے سمجھا کر گاڑی میں کر بٹھا کر روانہ کیا۔

ڈی جی خان میں تونسہ بائی پاس انڈ ہائی وے پر شام تک ٹریفک معطل رہی۔ سندھ پنجاب بارڈر کوٹ سبزل کے قریب رحیم یار خان قومی شاہراہ شام پانچ بجے سے مغرب تک بند رہی۔

گھوٹکی میں قومی شاہراہ چنا اسٹاپ کے مقام پر، کندھ کوٹ میں قومی شاہراہ پر فلور مل کے مقام پر اور جیکب آبا د میں سندھ بلوچستان بائی پاس زیرو پوائنٹ پر دیئے گئے دھرنے مغرب کے بعد ختم کر دیئے گئے جب کہ خیرپور میں نیشنل ہائی وے ٹھیری بائی پاس پر صبح سے دیا گیا دھرنا رات آٹھ بجے کے بعد ختم کیا گیا۔

مزید خبریں :