دنیا
Time 19 نومبر ، 2019

سنگا پور کی مسجد بے گھر افراد کا سہارا بن گئی

فوٹو: بشکریہ سیز نیوز

سنگا پور کی مسجد انتظامیہ نے بے گھر افراد کے رات میں سونے کے لیے مسجد کے دروازے کھول دیے۔

سنگا پور کی نیشنل یونیورسٹی کی جانب سے ایک مطالعہ کیا گیا جس کے بعد یہ معلوم ہو اکہ اس ملک میں تقریباً 1000لوگ بے گھر ہیں جو کہ سڑکوں اور گلیوں میں سونے پر مجبور ہیں۔

نیو اسٹریٹس ٹائمز کے مطالعے کے مطابق زیادہ تر بے گھر افراد میں مردوں کی تعداد زیادہ ہے جب کہ ان افراد کے بے گھر ہونے کی سب سے بڑی وجہ بے روزگاری، کم تنخواہیں اور گھریلو مسائل ہیں۔

اس تمام تر صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ’مسجدِ سلطان‘  سنگاپور کی پہلی مسجد ہے جو بے گھر افراد کو جزوی طور پر ٹھکانا فراہم کرتی ہے۔

یہ مسجد رات 10بجے سے صبح 7 بجے تک بے گھر افراد کو سونے کے لیے چھت فراہم کرتی ہے۔

مسجد سلطان کے سوشل ڈیولیپمنٹ آفیسر محد آئزالدین جمال الدین کا کہنا ہے کہ ’مسجد ایک عبادت گاہ ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان بے گھر افراد کی مدد کریں۔‘

فوٹو: بشکریہ سیز نیوز

یہ جگہ مرکزی عمارت اور نماز ہال سے دور مسجد کے ساتھ ہی انیکسی بلڈنگ کے تہہ خانے میں بنائی گئی ہے۔

اس کمرے میں 5 افراد ایک ساتھ باآسانی آرام کر سکتے ہیں جس میں گدے، تکیہ اور پنکھا لگا ہوا ہے اور ساتھ ہی پانی کی بوتلیں بھی موجود ہیں۔

 مسجد کی انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ یہ نیا اقدام مسجد میں آنے والوں کو پریشان نہیں کرے گا اور نہ ہی عبادت گاہ  کسی  رکاوٹ کا باعث بنے گا۔

فوٹو: بشکریہ سیز نیوز

اس جگہ کو استعمال کرنے کے لیے بے گھر افراد کو مسجد کے سیکیورٹی گارڈ کے پاس رجسٹریشن کروانی ہوتی ہے۔

مزید خبریں :