کاروبار
Time 21 نومبر ، 2019

مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت کب کم ہوگی؟

ٹماٹر کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے سے مارکیٹ میں ڈیمانڈ اور سپلا ئی بہتر ہو جائے گی— فوٹو: فائل

ایران سے درآمد کردہ ٹماٹر کے مزید 47 کنٹینرز تفتان سے کوئٹہ پہنچ گئے تاہم اس کے باوجود مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی نہیں آسکی۔

کراچی میں ایرانی ٹماٹر کے 20 کنٹینرز پہنچے ہیں تاہم منافع خوری نہ رک سکی، سبزی منڈی میں 70 سے 120 روپے کلو میں ٹماٹر دستیاب ہے لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں 240 سے 300 روپے کلو میں فروخت جاری ہے۔

پاکستان میں ٹماٹر کی قلت کے باعث ایران سے ٹماٹر کی درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔

کوئٹہ

ڈھائی ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی وافر مقدار میں درآمد کے باوجود کوئٹہ میں ٹماٹر کی قیمت میں خا طر خواہ کمی نہ آسکی۔

درآمد کنندگان کو ایران میں ٹماٹر ساٹھ رو پے فی کلو، کرا یہ کی مد میں 4 روپے جبکہ کسٹم ڈیوٹی، ٹیکس اور کمیشن ایجنٹس کے آبیانہ شامل کرنے کے بعد کوئٹہ کی مار کیٹ میں یہ ٹماٹر فی کلو 70 سے 80 روپے فی کلو میں پڑ تا ہے اس کے باوجود شہر میں ٹماٹر 180 سے 200 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ درآمد کنندہ اتنے زیادہ منافع سے انکار کر رہے ہیں۔

پشاور

پشاور میں ٹماٹر کی فی کلوگرام قیمت میں 60 روپے کمی ہوئی ہے۔ 230 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والے ٹماٹر کی قیمت کم ہوکر 170 روپے ہوگئی ہے۔

کراچی

کراچی سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت 60 روپے کم ہوگئی ہے لیکن دکاندار بدستور 240 سے 300 روپے کلو ٹماٹر بیچ رہے ہیں۔

لاہور

لاہور میں ٹماٹر کی قیمتیں آج بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، لاہورکی مارکیٹوں میں ٹماٹر 200 روپے سے 320 روپے فی کلو تک فروخت ہورہے ہیں۔

اگلے ہفتے سے طلب و رسد بہتر ہوجائے گی

ایک امپوٹر عالمگیر خان نے کہا کہ ’ویسے تو ایران میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں یکسر نہیں کہا جاسکتا لیکن ایک شپمنٹ میں امپورٹر کو تمام خرچ نکال کر پانچ سات فیصد سے زیاد ہ بچت نہیں ہے‘۔

ٹماٹر کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے سے مارکیٹ میں ڈیمانڈ اور سپلا ئی بہتر ہو جائے گی۔

ایران سے مزید 2 ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی درآمد باقی ہے جب تک یہ ٹماٹر مارکیٹ میں پہنچے گا تب تک ملک کے مختلف حصوں میں تیار ٹماٹر کی فصل بھی مارکیٹ میں آجائے گی جس سے ٹماٹر کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا مسلہ حل ہوجائے گا۔

مزید خبریں :