پاکستان
Time 26 نومبر ، 2019

’مجھے ایک مرتبہ پھر پتا چلا کہ پاکستانی چائے لا جواب ہے‘

اسکرین گریب

روم کے عالمی شہرت یافتہ پاپ بینڈ اکسینٹ کے مرکزی گلوکار ایڈریان سینا نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ لاجواب چائے کا کپ پیا۔

چند روز قبل معروف پاپ بینڈ نے ٹوئٹر پر پاکستان میں ہونے والے کانسرٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اکسینٹ بینڈ لاہور میں 24 نومبر کو کانسرٹ کے لیے آرہا ہے۔

پاپ بینڈ نے اس ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی ٹیگ کیا اور ان کے ساتھ ایک کپ چائے پینے کی بھی خواہش ظاہر کی جس پر میجر جنرل آصف غفور نے ان کی خواہش پوری کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

حال ہی میں رومانیہ کے پاپ بینڈ اکیسنٹ کے مرکزی گلوکار ایڈریان سینا نےلاہور میں الحمرا کلچرل کمپلیکس میں اپنے کنسرٹ کے بعد آئی ایس پی آر کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں ایڈریان سینا ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ چائے پی کر خوب لطف اندوز ہوئے۔


انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں بے حد خوش ہوں کہ مجھے روم سے پاکستان آنے اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ لاجواب چائے کا کپ پینے کا موقع ملا‘۔

اکسینٹ بینڈ کے مرکزی گلوکار ایڈریان سینا کو ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے چائے کا ایک گھونٹ پینے کے بعد کہا کہ ’مجھے ایک مرتبہ پھر پتا چلا ہے کہ پاکستانی چائے لا جواب ہے‘۔

میجر جنرل آصف غفور نے ایکسنٹ بینڈ کے گلوکار کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے ان کا پاکستان آنے پر شکریہ بھی ادا کیا اور  ساتھ یہ بھی لکھا کہ پاکستانی قوم آپ سے محبت کرتی ہے۔ 


واضح رہے  اتوار کے روز لاہور میں اکیسینٹ کے کانسرٹ پر سوشل میڈیا پر ایک تنازع کھڑا ہوا کیونکہ پاپ بینڈ کے کانسرٹ کا انعقاد ’کشمیریوں سے اظہار یکجہتی‘ کی مناسبت سے پنجاب حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اس کانسرٹ کے انعقاد پر سوشل میڈیا پر حیرت کا اظہار کیا گیا اور صارفین نے کشمیر کے لیے آواز اٹھانے کے لیے کانسرٹ کا انعقاد کرنے پر بے شمار سوالات بھی اٹھائے۔

عوامی رد عمل کے بعد پنجاب حکومت نے اپنے اس فیصلے کو واپس لے لیا۔

چونکہ روم کے معروف بینڈ کو مدعو کرنے کے ساتھ ساتھ کانسرٹ میں پرفارم کرنے کی  ادائیگی بھی کی جا چکی تھی اسی لیے بینڈ نے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں پرفارم کیا اور اس کانسرٹ کو کسی سیاسی یا سفارتی ایجنڈے کے بغیر میوزک کانسرٹ کے طور پر منعقد کیا گیا۔

مزید خبریں :