کھیل
Time 04 دسمبر ، 2019

سینیٹر فیصل جاوید بھی اظہر علی اور قومی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف کارکردگی پر پھٹ پڑے

سابق کرکٹرز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے بعد تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید بھی قومی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف بدترین کارکردگی پر پھٹ پڑے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید کا ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سارے ادارے تباہ حال تھے اور عمران خان بڑے محاذ پر لڑ رہے تھے، مصروفیات کی وجہ سے وزیراعظم کرکٹ پر توجہ نہیں دے سکے تھے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے اب تک براہ راست کرکٹ پر توجہ نہیں دی تھی، عمران خان اب کرکٹ کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اب تک کرکٹ کو جگاڑ سے چلایا جاتا رہا، کرکٹ کو طویل مدتی پالیسی کے تحت ٹھیک کریں گے، کرکٹ کا نیا ڈومیسٹک ڈھانچہ نتائج دے گا۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اظہر علی ناکام کپتان تھے، ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی صفر رہی، اظہر علی کو واپس لانا درست فیصلہ نہیں تھا۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر بات کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آسٹریلیا میں ہمیشہ ہارتے رہے لیکن اس بار تو بہت بری شکست رہی۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کو  آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دونوں میچوں میں اننگز  کی شکست کا مزہ چکھنا پڑا تھا جس پر سابق کرکٹرز انتخاب عالم، عبدالرزاق، رمیز راجہ اور معین خان نے شدید تنقید کی تھی۔

مزید خبریں :