جہاز کا کھانا اب ریسٹورانٹ میں بھی

فوٹو: آڈیٹی سینٹرل

جہاز میں سفر کرنے والے افراد اس بات سے تو واقف ہی ہوں گے کہ عام طور  پر جہاز میں دیا جانے والا کھانا اتنا مزیدار نہیں ہوتا لیکن دنیا میں ایک ایسی ائیرلائن بھی ہے جن کا یہ ماننا ہے کہ ان کا کھانا صارفین کو اتنا پسند ہے کہ وہ اسے ریسٹورانٹ میں بھی کھانا چاہتے ہیں۔

’ائیرایشیاء‘ جو ایشیاء کی سب سے زیادہ مہنگی فلائٹ تصور کی جاتی ہے، ان کا یہ دعویٰ ہے کہ صارفین کو ان کی ائیرلائن کے دوران دیا جانے والا کھانا بے حد پسند آتا ہے اور وہ اس کھانے کی ریسٹورانٹ میں بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہوں گے۔

فوٹو: آڈیٹی سینٹرل

صارفین کی پسند کو مدِنظر رکھتے ہوئے ائیر ایشیاء کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اگلے 5 سالوں میں دنیا بھر میں ایسے ریسٹورانٹس کھولیں گے جس کا مینو ائیر ایشیاء کی فلائٹ میں دیئے جانے والے کھانوں پر مبنی ہو گا۔

ائیر ایشیاء کی جانب سے ریسٹورانٹ کے مینو میں فلائٹ کے مقبول ترین پکوان پیش کیے جائیں گے۔

جنرل مینیجر ائیر ایشیاء کیتھرین گوہ کا کہنا ہے کہ ’ہم نے یہ بات محسوس کی کہ ہماری ائیرلائن کے صارفین کو اس کا کھانا بے حد پسند ہے اور ان کی اسی شرط پر ہم نے فلائٹ کے ہی مینو پر مبنی ریسٹورانٹ کھولنے کا فیصلہ کیا‘۔

ائیر ایشیاء کی جانب سے کھولے جانے والے ریسٹورانٹ کا نام ’سینٹن‘ ہے، جس کی حال ہی میں ایک برانچ ملائشیا کے شہر کوالالمپور کے ایک شاپنگ مال میں کھولی گئی ہے۔

سینٹن ریسٹورانٹ میں زیادہ تر پکوان 3 ڈالرز کے لگ بھگ ہوتے ہیں جس میں فلائٹ میں دیئے جانے والے مقبول ترین پکوان شامل ہیں۔

ائیر ایشیاء اب تک دنیا کی وہ واحد ائیرلائن ہے جو کہ جہاز میں دیا جانے والا کھانا ریسٹورانٹ کے ذریعے بھی دے رہی ہے۔ 

مزید خبریں :