پاکستان
Time 06 دسمبر ، 2019

سعودی شوریٰ کونسل کی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی

وزیراعظم اور صدر مملکت سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی— فوٹو: وزیراعظم ہاؤس

وزیراعظم اور صدر مملکت سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں فاشسٹ بی جے پی حکومت کے ہاتھوں 126 دن طویل کرفیو اور میڈیا بلیک آؤٹ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

ہندوستانی شہریت ایکٹ کے ذریعے مسلم شہریوں کے خلاف کی جانے والی سازش کو سامنے لانا ہوگا، صدر مملکت — فوٹو: پی آئی ڈی

ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستانی شہریت ایکٹ کے ذریعے مسلم شہریوں کے خلاف کی جانے والی سازش کو سامنے لانا ہوگا، سعودی عرب نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجوں کے حل میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت نے آئل ریفائنری اور معدنیات کے شعبے میں جاری تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں،انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے بھی سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے ملاقات کی جس میں اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اس بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :