کھیل
Time 11 دسمبر ، 2019

پاکستان میں 10 برس بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

پاکستان میں 10 برس بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا وقت آ گیا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

10 سال بعد پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ بادل بھی گرجے اور برسیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پر کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس بھی بنوائی ہیں۔

دونوں ٹیموں کی فائنل الیون کا اعلان ٹاس سے پہلے ہوگا  لیکن ذرائع کے مطابق پاکستان کا بولنگ اٹیک ایک اسپنر یاسر شاہ اور تین فاسٹ بولرز شاہین آفریدی ، محمد عباس اور نسیم شاہ پر مشتمل ہو گا جبکہ شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز امام الحق کریں گے، پھر اظہر ، اسد ، بابر اور رضوان کے ساتھ بیٹنگ لائن اپ حارث سہیل سے مکمل ہوگی۔

ذرائع کے مطابق فواد عالم کو ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔

 دوسری جانب سری لنکن ٹیم جس میں کرونارتنے ، کوشل مینڈس کے ساتھ چندی مل اور میتھیوز بیٹنگ کی جان ہوں گے لیکن خدشہ ہے کہ بارش میچ پر اثرانداز ہو گی اور سب سے بڑھ کر مکی آرتھر کا کردارہو گا  جو تقریباً تین سال پاکستان ٹیم کے کوچ رہے اور اب سری لنکن ڈریسنگ روم میں ہیں  یعنی مکی آرتھر کا کردار گھر کے بھیدی کا ہو گا۔

 پی سی بی کے مطابق میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے ہیں اور میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوگا۔

ٹرافی کی رونمائی

ایک دہائی بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ ان ہی دو ٹیموں سے پھر سے جڑنے جارہا ہے جہاں سے ٹوٹا تھا۔

دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ اسٹیدیم میں بھر پور ٹریننگ سیشن کیا جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے کپتانوں کا ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی ہوا۔

اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1982میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیموں کے قیادت کرنے والے پاکستان کے کپتان جاوید ماینداد اور سری لنکا کے کپاتسن بندو ورنا پوا بھی موجود تھے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 53 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں 19میں پاکستان فاتح رہا تو 16ٹیسٹ میں آئی لینڈرزکامیاب رہے، 18 میچز ڈرا رہے۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ پرسری لنکا کیخلاف بائیسواں ٹیسٹ کھیلے گا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم کی تاریخ

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر اب تک 8 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں، جس میں پاکستان نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ تین میچز میں شکست ہوئی اور دو میچز ڈرا ہوئے ہیں۔

پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ آباد ہورہی ہے لیکن 15 سال بعد راولپنڈی اسٹیڈیم میں رونق لگ رہی ہے، جس میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں نبرد آزاما ہوں گی۔

سن 2004 میں اس میدان پر پاکستان اور بھارت کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا۔

9 ویں ٹیسٹ کی میزبانی کرنے والے راولپنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان سن 2000 میں واحد ٹیسٹ کھیلا گیا تھا، جس میں سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے تمام کھلاڑی پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلیں گے

قومی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی پہلی بار کوئی ٹیسٹ اپنی سرزمین پر کھیلے گے، یہاں تک کہ 70 سے زائد ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی اور اسد شفیق بھی پاکستان میں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلے۔

نسیم شاہ جیسے بولرز کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ کیریئر کے آغاز میں ہی انہیں ہوم گراؤنڈ کی کنڈیشز میسر ہوں گی۔

مزید خبریں :