پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان کی پی ٹی آئی کے 2 ’بڑوں‘ کو اختلافات ختم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ 

تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے  اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تحریک انصاف کو متحرک کرنے کی ہدایات دیں اور سردیوں میں ملک بھر میں جلسے کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ سردی کاموسم اچھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تنظیم سازی کے دوران ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے اور سردیوں کے جلسوں کا آغاز وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے حلقے سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کورکمیٹی اجلاس میں تحریک انصاف کے دو بڑوں کے اختلافات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور وزیراعظم نے کہاکہ سیف اللہ نیازی اور  عامرکیانی میں اختلافات ختم دیکھنا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ سیف اللہ نیازی وزیراعظم کے انتہائی قریبی ساتھی ہیں اور تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر ہیں جبکہ عامر کیانی پارٹی کے جنرل سیکرٹری ہیں اور وفاقی وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے بھی تحریک انصاف کے دونوں قائدین کی صلح پر زور دیا۔ 

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد سیکرٹری جنرل عامرکیانی اورچیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور کورکمیٹی نے دونوں کے تنظیمی اختیارات اور تعیناتیوں کا طریقہ کار طےکرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نیازی اورعامرکیانی کے اختلافات ختم کرنے کے لیے کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف میں اس سے قبل سینئر رہنماؤں جہانگیر خان ترین اور شاہ محمود قریشی میں بھی اختلافات تھے۔

مزید خبریں :