کاروبار
Time 14 دسمبر ، 2019

منی لانڈرنگ کاسدباب معاشی اصلاحات میں اہم ترین مقصد ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی اصلاحات میں منی لانڈرنگ کاسدباب اہم ترین مقصد ہے۔

کراچی میں ہونے والی دوسری مالی جرائم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومتی ریفارمز پروگرام نے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے جس سے ملکی زرمبادلہ ذخائر بڑھے ہیں جب کہ شہری بچت کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور موجودہ صورتحال پہلے کے مقابلے میں خاصی بہتر ہے۔

رضا باقر نے بتایا کہ مالیاتی شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، اس سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں کے فوائد صنعتی شعبے کو منتقل کررہے ہیں اور معاشی پیش رفت سے ملک استحکام اور بہتری کی جانب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح تبادلہ پر فیصلہ صحیح بنیادوں پر کیا گیا تھا لوگوں نے اپنے فارن کرنسی اکاونٹس کو سیونگ اکاونٹس میں منتقل کیا ہے جب کہ ہم نے ادائیگیوں کے مسائل حل کرنےکے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ہونے سے متعلق رضا باقر نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی نے بری طرح متاثر کیا تھا، کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت روکنے سے ملک کو فائدہ ہوا جب کہ حکومت ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عمل کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی اصلاحات میں منی لانڈرنگ کاسدباب اہم ترین مقصد ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کو مالی معاونت روکنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں پر ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف دونوں خوش ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے پاکستانی کوششوں کے معترف ہیں اور جلد ہمارے معاشی حالات بہتر ہوتے ہی پابندیوں میں نرمی ہوگی۔

مزید خبریں :