دنیا
Time 17 دسمبر ، 2019

اکشے کو جامعہ ملیہ میں طلبہ پر تشدد کی ویڈیو لائک کرنا مہنگا پڑ گیا

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کو جامعہ ملیہ اسلامیہ طلبہ پروحشیانہ تشدد کی ویڈیو کو لائک کرنا مہنگا پڑ گیا اور مداحوں نے انہیں دوغلا قرار دیدیا۔

اکشے کمار مسلمانوں کے خلاف متنازع بیان دینے یا مختلف سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث اکثراپنے ہی مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنتے ہیں۔

گزشتہ دنوں بھارتی پولیس نے نئی دہلی  کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں  گھس کر طلبہ پر وحشیانہ تشدد کیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔

اکشے کمار نے انہی ویڈیوز میں سے ایک کو لائک کیا تھا، تاہم مداحوں کی جانب سے شدید تنقید نے انہیں مجبور کر دیا کہ وہ اسے واپس ’اَن لائک‘ کر دیں۔

اس حوالے سے اکشے کمار نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پروحشیانہ تشدد کرنے کی ویڈیوکو میں نے ’لائک‘ غلطی سے کیا تھا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ در اصل دوسری ٹوئٹس کو دیکھتے ہوئے مجھ سے لائک ہوگیا تھا تاہم تھوڑی ہی دیر بعد جب مجھے احساس ہوا توفوراً ہی اسے ’اَن لائک‘ کردیا تھا کیونکہ میں اس طرح کسی بھی تشدد کا حامی نہیں ہوں۔


اداکارکے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پر’بائیکاٹ کینیڈین کمار‘ ٹرینڈ بن گیا  جب کہ صارفین نے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’ودیشیوں کا تو کام ہی دیش میں آگ لگانا ہوتا ہے‘۔

ایک اور صارف نے اکشے کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’شرم کریں،  آپ تشدد کے حامی ہیں اور ملک کے طلبہ کے خلاف ہیں‘۔

دوسرے صارف نے بھی ملے جلے انداز میں اکشے کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’یہ صرف فلموں میں ہیرو ہوتے ہیں، اصل زندگی میں یہ زیرو ہیں، ڈرپوک‘۔


متعدد افراد نے ٹوئٹ ان لائک کرنے کے باجود اکشے کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں دوغلا اور جھوٹا قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ لائک انہوں نے غلطی سے نہیں بلکہ جان بوجھ کرکیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی امتیازی سلوک پر مبنی قانون کی منظوری کے خلاف احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پرپولیس ٹوٹ پڑی تھی اور انہیں  بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔

مزید خبریں :