پاکستان
Time 31 دسمبر ، 2019

سپریم کورٹ کا پی آئی اے ملازمین کی ڈگریاں چیک کرانے کا حکم

سپریم کورٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز  (پی آئی اے) کے ملازمین کی ڈگریاں چیک کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پی آئی اے کے ملازمین کی جعلی اسناد کیس کی سماعت کی۔ 

سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ملازمین نے آزاد کشمیر کی نجی یونیورسٹی سے تعلیمی اسناد حاصل کیں، ملازمین کبھی یونیورسٹی نہیں گئے لیکن ڈگریاں مل گئیں اور ان اسناد کی بنیاد پر محکمانہ پرموشن حاصل کی گئی۔ 

اس دوران عدالت نے حکم دیا کہ ملازمین کی ڈگریاں چیک کرائی جائیں اور ڈگریوں کی تصدیق کرکے رپورٹ جمع کرائی جائے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ الخیر یونیورسٹی محض دکھاوے کی جامعہ ہے، تعلیمی عمل کے بغیر ڈگریاں فروخت کی گئیں اور بظاہر ڈگریوں کے حصول کا عمل غیرقانونی لگتا ہے۔ 

عدالت کے حکم کے مطابق پی آئی اے میں نجی یونیورسٹی سے حاصل اسناد کو پذیرائی دی گئی لہٰذا پی آئی اے یقینی بنائے کہ ملازمین کی تعلیمی اسناد منظور شدہ تعلمی اداروں سے ہوں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ، ایم ڈی پی آئی اے اور اٹارنی جنرل کوطلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز نے جعلی ڈگری پر 3 کپتانوں سمیت 50 سے زائد ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

مزید خبریں :