پاکستان
Time 10 جنوری ، 2020

ساری پالیسیاں نچلے طبقے کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی ساری پالیسیاں نچلے طبقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا نوشہرہ کے علاقے اضا خیل میں ڈرائی پورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا ڈرائی پورٹ سے تجارت بڑھے گی اور لوگوں کو نوکریاں ملیں گی، سب سے زیادہ فائدہ نوشہرہ کے لوگوں کو ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں تجارت فریٹ ٹرینوں کے ذریعے ہوتی ہے لیکن یہاں انگزیر جو پٹڑیاں چھوڑ کر گئے تھے اس سے بھی کم ہو گئیں، 70 سال کی تاریخ میں ہم نے ریلوے پر پیسا خرچ نہیں کیا، آج تک کسی نے بھی ریلوے پر سرمایہ کاری نہیں کی جس کی وجہ سے ریلوے کا برا حال ہوا۔

ایم ایل ون منصوبے کے بعد کراچی سے پشاور کا فاصلہ صرف 8 گھنٹے میں طے ہو گا

عمران خان کا کہنا تھا ریلوے ٹیکنالوجی میں چین سب سے آگے ہے اس لیے چین کے ساتھ ایم ایل ون کے منصوبے پر دستخط کیے ہیں، منصوبہ ریلوے میں انقلابی تبدیلی لے کر آئے گا، ایم ایل ون منصوبے کے بعد ٹرین صرف 8 گھنٹوں میں کراچی سے پشاور پہنچے گی۔

ان کا کہنا تھا ریلوے کو اب پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، ریلوے کی تمام زمینوں کو فروخت کر کے انہیں کمرشلائز کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے اور محکمہ ریلوےکو فلاحی ریاست کیلئے کام کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا ہماری ساری پالیسیاں نچلے طبقے کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہیں اور یہ سال لوگوں کی آسانیوں کا سال ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو گھر، صحت اور تعلیم کی سہولیات دے رہے ہیں، آسان گھر اسکیم سے 50 سے زائد انڈسٹریاں چل پڑیں گی اور عوام کو روزگار ملے گا، یوٹیلیٹی اسٹور کو سبسڈی دے رہے ہیں، راشن اسکیم کے ذریعے لوگ یوٹیلیٹی اسٹور سے سستی چیزیں خرید سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ نوشہرہ میں ڈرائی پورٹ کا منصوبہ جون 2016 میں شروع ہوا اور اس پر 50 کروڑ روپے کی لاگت آئی۔ نوشہرہ ڈرائی پورٹ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے اور اس منصوبے سے پشاور میں ٹریفک مسائل بھی حل ہوں گے۔

مزید خبریں :