پاکستان
Time 10 جنوری ، 2020

نیوکراچی میں وین اور رکشے میں تصادم، آتشزدگی سے 6 افراد جاں بحق

کراچی: نیو کراچی میں وین میں آگ لگ گئی جس کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ وین میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں خاتون، 2 بچیاں، ایک بچہ اور ایک شخص شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق  آتشزدگی کے واقعے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ چلتی گاڑی میں آگ لگی ہوئی تھی اور اسی حالت میں گاڑی رکشے سے جا ٹکرائی تاہم گاڑی میں موجود سلینڈر محفوظ ہے۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے فائر بریگیڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو  شادی میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔

جاں بحق افراد میں 2 سال کی لائبہ، خاتون مہرالنسا، نیلوفر، سفیان، دیدار شامل ہیں جبکہ  ایک لاش کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

چلتی گاڑی میں آگ لگی ہوئی تھی، رکشہ ڈرائیو

رکشہ ڈرائیو کا کہنا ہے کہ چلتی گاڑی میں آگ لگی ہوئی تھی  جو پہلے  ایک رکشے سے ٹکرانے کے بعد دوسرے رکشے سے ٹکرائی۔

رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ گاڑی کے دروازے نہیں کھل رہے تھے، گاڑی کے شیشے توڑنے کے بعد لوگوں کو نکالا گیا، آگ لگی گاڑی نے سڑک کنارے کھڑے رکشے کو ٹکر ماری۔

گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، بم ڈسپوزل اسکواڈ

 نیوکراچی پاور ہاؤس کےقریب ہائی روف اور رکشے میں آگ لگنے کے معاملے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کاکہنا ہے کہ  گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سےلگی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ گاڑی کے اندر پیڑول کی بوتل یا ڈرم رکھا ہوا تھا، گاڑی میں کسی دھماکاخیزمواد کے شواہد نہیں ملے، گاڑی میں موجود سلینڈر بھی سلامت ہے۔

مزید خبریں :