کاروبار
Time 14 جنوری ، 2020

ٹرانسپورٹرز نے 8 روزہ ہڑتال ختم کرنے کے بعد کرایوں میں 50 فیصد تک اضافہ کردیا

کراچی سے لاہور جانے والے مال کا فی ٹن کرایہ 2500 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے کردیا گیا ہے،فوٹو:فائل

گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کے بعد کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا،کھانے پینے سے لے کر ہر طرح کے مال کی ترسیل کا کرایہ 40 سے 50 فیصد بڑھا دیا گیا۔

ٹرانسپورٹرز نے 8 روزہ ہڑتال کے دوران ہونے والا نقصان عوام سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کرایوں میں اچانک بڑا اضافہ کردیا ہے۔

کراچی سے لاہور جانے والے مال کا فی ٹن کرایہ 2500 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے اور کراچی سے پنڈی کا کرایہ 3500 روپے فی ٹن سے بڑھا کر 5000 روپے کردیا گیا ہے۔

تاجر رہنما نجیب بالاگام والا نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ہڑتال کے فوری بعد ڈیزل کی قیمت میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود کرائے بڑھائےگئے ہیں جن کا اثر صنعتکار و تاجر عوام پر منتقل کریں گے۔

دوسری جانب  گڈز ٹرانسپورٹرز کی 8 روزہ ہڑتال گذشتہ روز ختم ہونے کے بعد کراچی میں ہیوی ٹریفک کی شہر میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ ہے، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی ہے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی کنٹینرز مالکان اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد برآمدی اور درآمدی سامان کی ترسیل کا سلسلہ بحال ہو گیا ہے۔

 پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سہیل پاشا کا کہنا ہے کہ ہڑتال سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے سیکڑوں کنٹینرز رکے ہوئے تھے۔

واضح رہےکہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے ایکسل لوڈ کنٹرول پر عملدرآمد، روٹ پرمٹ اور ٹوکن فیس میں اضافہ واپس لینے سمیت 10 نکاتی مطالبات کے حق میں 8 روز سے  ہڑتال کر رکھی تھی جو کہ گذشتہ روز گورنرسندھ عمران اسماعیل سے مذاکرات کے بعد ختم کردی گئی۔

 8 روزہ ہڑتال سے برآمدات تقریباً بند جب کہ درآمدات کا مال بندرگاہوں تک محصور ہو کر رہ گیا تھا۔

مزید خبریں :