پاکستان
Time 14 جنوری ، 2020

بھارتی فوجی قیادت کے پاکستان مخالف بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں: کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں  بھارتی فوجی قیادت کے پاکستان مخالف اشتعال انگیز  بیان کا نوٹس لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 228 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں جیو اسٹریٹجک صورتحال پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس میں علاقائی اور قومی سلامتی، داخلی سلامتی، سرحدی اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس نے ایران امریکا تنازع کے تناطرمیں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیزبیان کا بھی نوٹس لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کورکمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا کہ بھارتی فوجی قیادت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں اور ان  بیانات کے علاقائی امن و استحکام پر مضمرات ہوں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کا اہم شراکت دار ہے اور پاکستان کی خطے میں امن و سلامتی کے لیے اہم خدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن و سلامتی میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کسی قمیت پر مادر وطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارتی آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی دہلی میں جنرل منوج مکنڈ نروانے نے اپنی پہلی میڈیا بریفنگ میں پرانا بھارتی راگ الاپتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی قرارداد ہے کہ پورا کشمیر بھارت کا حصہ ہے۔

جنرل منوج مکنڈ نروانے کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرسےمتعلق پارلیمنٹ سےجب بھی حکم ملا ہم مناسب کارروائی کریں گے۔

بھارتی آرمی چیف اس سے قبل بھی پاکستان کے خلاف جارحیت سے متعلق ایسی ہی ہرزہ سرائی کرچکے ہیں، اپنے ایک سابقہ بیان میں جنرل منوج مکنڈ نروانے کا کہنا تھا کہ بھارت آزاد کشمیر میں عسکریت پسندی کے مبینہ ٹھکانوں پر پیشگی حملوں کا حق رکھتا ہے۔

مزید خبریں :