کھیل
Time 14 جنوری ، 2020

اے بی ڈی ویلیئرز ریٹائرمنٹ واپس لینے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کھیلنے کیلئے تیار

اے بی ڈی ویلیئرز نے  مئی 2018 میں ا بین الاقومی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا،فوٹو:کرکٹ آسٹریلیا

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور  بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز ریٹائرمنٹ واپس لینے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آسٹریلیا میں بگ بیش کرکٹ لیگ کھیلنے میں مصروف اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ وہ رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

35 سالہ سابق پروٹیز کپتان کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے اور قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے نئے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی بھی کہہ چکے ہیں کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔

اب اے بی ڈی ویلیئرز نے تصدیق کہ ہے کہ ان کے سابق ساتھیوں مارک باؤچر اور گریم اسمتھ کے کرکٹ بورڈ میں عہدے سنبھالنے اور ان کی جانب سے حوصلہ افزائی کے بعد امید ہے کہ وہ جلد قومی ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔

خیال رہے کہ اے بی ڈی ویلیئز نے اپنے کیریئر کے دوران 114 ٹیسٹ اور 225 ون ڈے میں جنوبی افریقا کی نمائندگی اور بالترتیب 8 ہزار 765 اور 9 ہزار 577 رنز بنائےہیں اور ان کی دونوں طرز کی کرکٹ میں اوسط 50 سے زیادہ رہی ہے ۔

انہوں نے 78 ٹی ٹوئنٹی میچز میں  26 کی اوسط سے 1672 رنز بنائے ہیں جس میں ان کی 10 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مئی 2018 میں  بین الاقومی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

مزید خبریں :