کھیل
Time 16 جنوری ، 2020

بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

بنگلا دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔

مصباح الحق نے بتایا کہ ہم نے آسٹریلیا میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا، بنگلا دیش کے خلاف بھی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن بنایا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہم کچھ پول پر کام کر رہے تھے، ہمیں محمد حفیظ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی، حفیظ اب بھی پاکستان ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کر سکتا ہے۔

قومی ٹیم کے ہید کوچ نے کہا کہ شاداب خان پر کام ہو رہا ہے جب کہ عثمان قادر کو بیک اپ کے لیے رکھا گیا ہے۔

ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد حسنین، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، حارث رؤف، خوشدل شاہ، عثمان قادر، احسان علی، محمد حفیظ، عماد بٹ، محمد موسی خان اور عرفان علی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد قومی ٹیم کی نئی شکل نظر آئے گی، جو پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ جب ٹیم کی سلیکشن ہوتی ہے تو کامران اکمل اور سلمان بٹ سمیت ہر کھلاڑی پر بات ہوتی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ تک ہم ایک وننگ کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، ہر کھلاڑی کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے کہ ٹیم کو جیت راہ پر لے کر جائیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض جیسے سینئرز ٹیم میں ہوں تو نوجوانوں کو موقع دینا دشوار ہو جاتا ہے، مختلف کھلاڑیوں کو موقع دے رہے تھے اس لیے سینئر کھلاڑی ٹیم میں نہیں تھے۔

سرفراز احمد سے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ سرفراز احمد بہت بہتری لائے ہیں، پی ایس ایل سامنے ہے پرفارم کریں گے تو کسی بھی وقت واپس آسکتے ہیں۔ 

مزید خبریں :